Tuesday, April 30, 2024

بجلی کا بریک ڈاؤن،اسپتالوں میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی

بجلی کا بریک ڈاؤن،اسپتالوں میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی
May 16, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) ملک بھر میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے باعث ہسپتالوں میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی ،مریضوں اور ان کے لواحقین کو  شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ راولپنڈی اور اسلام آباد   کے  اسپتالوں میں  لوڈشیڈنگ سے او پی ڈی میں چیک اپ کی پرچی حاصل کرنے کے لیے مریضوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں،آپریشن تھیٹر میں مریضوں کے آپریشن روک دئیے گئے  ۔ دوسری جانب بجلی کی بندش کی وجہ سے نیو ایئرپورٹ اسلام آباد میں مسافروں کی کاؤنٹرز پر قطاریں لگ گئیں ۔سارا نظام درہم برہم ہو چکا ہے ۔ اسلام آباد پارلیمنٹ میں بھی بجلی بند ہونے سے اندھیرا ہے اور ایوان کی کارروائی بھی جنریٹر چلا کر کی گئی۔ ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق تربیلا، مظفرگڑھ اور گدو پاور اسٹیشن فنی خرابی کے باعث بند ہوگئے ہیں، جس کی وجہ سے ملک کے بیشتر علاقے لوڈشیڈنگ کی لپیٹ میں ہیں۔ وزرات توانائی کا کہنا ہے کہ تربیلا اور مظفر گڑھ پاور پلانٹس میں فنی خرابی ملک بھر میں بجلی کی بندش کا باعث بن گئی  ، مظفر گڑھ   میں پانچ سو کے وی  سپلائی لائن ٹوٹ گئی ۔جس کے باعث تربیلا  اور گڈو  سمیت کئی پاور اسٹیشنز ٹرپ کر گئے ۔ این ٹی ڈی سی ذرائع نے  ملک بھر میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کی وجہ سے پردہ اٹھا دیا  ، این ٹی ڈی سی کا کہنا ہے کہ بجلی کی پیداوار میں کمی  کی وجہ سے ملک میں بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا ۔ ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے پاور اسٹیشن میں فنی خرابی ہی  بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجہ بنی  جبکہ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے  بریک ڈاؤن کے بارے میں تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں  ،تحقیقات کی جائیں گی ۔ بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن سے ملک بھر میں نظام زندگی بری طرح سے متاثر ہوا ۔