Friday, September 20, 2024

بجلی سے بیماریوں کا علاج کرنے کی تکنیک پر تحقیق جاری

بجلی سے بیماریوں کا علاج کرنے کی تکنیک پر تحقیق جاری
October 8, 2015
نیویارک (ویب ڈیسک) امریکہ میں آج کل ایک ایسی تکنیک پر کام جاری ہے جس میں بجلی کے ذریعے زخموں کو ٹھیک اور امراض کو دور کیا جا سکے گا۔ بجلی سے زخموں کے علاج کی غرض سے امریکی طبی اداروں اور مختلف یونیورسٹیوں نے مشترکہ طور پر قدم اٹھایا ہے۔ الیکٹ آر ایکس نامی اس طریق علاج کو موثر بنانے کے لیے انسانی دماغ اور حرام مغز پر تحقیق کی جائے گی۔ حرام مغز کو دماغ سے انسانی جسم تک احکامات پہنچانے والی ہائی وے قرار دیا جاتا ہے اور اسی کے سگنلز سے دماغ اور دیگر اعضاءکی کیفیات بدلتی رہتی ہیں۔ طبی ماہرین انسانی جسم کے اس ہیڈکوارٹر کو قابو کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس سلسلے میں سب سے پہلے ان ہدایات کے راستوں اور ان پر عملدرآمد کے نظام کو تفصیل سے سمجھا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں انسانی دماغ پر ایسی ٹیکنالوجی آزمائی جائےگی جو اسے کم از کم نقصان پہنچاتے ہوئے مطلوبہ کام کرسکے تاکہ دماغ کو بدن کی مرمت کیلئے درست پیغامات دیئے جاسکیں۔ اس کے بعد پیس میکر جیسے کچھ آلات بھی تیار کر کے جسم میں داخل کیے جائیں گے۔ بجلی کے ذریعے علاج کا طریقہ میدان جنگ میں متاثر ہونے والے فوجیوں اور حادثات کا شکار لوگوں پر بھی آزمایا جائے گا۔ اس سلسلے میں سائنسدان جسم کے مختلف مقامات میں جلن ختم کرنے کے لیے ان جگہوں پر برقی رو ڈالیں گے جس سے مطلوبہ مقام کو سوزش پہنچانے والے کیمیکل ختم کرنے میں مدد ملے گی۔