Wednesday, September 18, 2024

بجلی بحران پر قابو پانے میں وفاقی حکومت سنجیدہ نہیں :ڈاکٹر نفیسہ شاہ

بجلی بحران پر قابو پانے میں وفاقی حکومت سنجیدہ نہیں :ڈاکٹر نفیسہ شاہ
October 6, 2015
خیرپور(92نیوز)پیپلز پارٹی کی ڈپٹی سیکریٹری جنرل رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر سیدہ نفیسہ شاہ  نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی کے بحران پر قابو پانے میں وفاقی حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہی ہے نیپرا کی رپورٹ کے مطابق 70 فیصد بجلی چوری میں ادارے کے افراد کے ملوث ہونے کا انکشاف بڑا المیہ ہے ملک کی عوام کو زائد بلنگ کی مد میں لوٹا جارہا ہے۔ تفصیلات کےمطابق مہران انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کالج شہید ذوالفقار علی بھٹو کیمپس خیرپور کی جانب سے جدید فنی مہارت اور قابل اعتماد نظام توانائی کے عنوان پر سچل آڈیٹوریم ہال خیرپور میں پہلی قومی کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سیدہ نفیسہ شاہ نے کہا کہ نندی پور پاور پروجیکٹ کے بجائے ہائیڈل پاور اور تھرکول پاور پر 80 ارب روپے خرچ کیے جاتے تو ملک میں بجلی کے بحران پر قابو پانے میں کافی مدد ملتی ،نندی پور پاور پروجیکٹ پر وفاقی وزیر اور دیگر کو استعفیٰ دینا چایئے۔ ان کا کہنا تھا کہ  سندھ حکومت تھرکول پاور کو اپنے کندھوں پر چلارہی ہے ،انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے بجلی کے بحران پر قابو پانے کے دعوے دعوے ہی رہ گئے عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملا جس پر پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی میں تحریک التوا بھی جمع کرائی ہے۔ ڈاکٹر سیدہ نفیسہ شاہ جیلانی نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے تعلیم کے فروغ کے لیے مثبت اقدامات کیے گئے ہیں مہرن انجینئرنگ کالج خیرپوران کے والد وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی جانب سے تعلیم میں مزید اور موثر تبدیلی کے لیے عوام اور طلبہ کے لیے عظیم تحفہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 1970 میں پیپلز پارٹی نے ملک کے مختلف شعبوں میں ترقی کے لیے پالیسی مرتب کی اور ملک کو ترقی کی منازل کی طرف گامزن کیا 1990 میں ملک بجلی کے بحران میں مبتلا ہوامہران انجینئرنگ کالج شہید ذوالفقار علی بھٹو کیمپس میں بجلی کے بحران پرقابو پانے کے حوالے سے تحقیق اور تجربہ قابل ستائش ہیں۔