Wednesday, November 30, 2022

باکسر محمد وسیم نے دسویں پروفیشنل فائٹ جیت لی

باکسر محمد وسیم نے دسویں پروفیشنل فائٹ جیت لی
 دبئی (92 نیوز) مایہ ناز باکسر محمد وسیم نے ایک بار پھر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ۔ باکسر نے کیرئیر کی دسویں پروفیشنل فائٹ اپنے نام کرلی ۔ دبئی میں ایم ٹی گلوبل فائٹ کے دوران محمد وسیم کا سامنا تین بار کے ڈبلیو بی سی لائٹ فلائی ویٹ عالمی چیمپئن میکسیکن باکسر گیگان لوپیز سے تھا تاہم محمد وسیم پوری فائٹ کے دوران اپنے حریف پر حاوی رہے۔ محمد وسیم نے آٹھویں راؤنڈ میں مخالف باکسر کو چاروں شانے چت کر دیا جس پر ریفری نے انہیں فاتح قرار دیدیا۔ ورلڈ چیمپئن کو شکست دینے پر محمد وسیم خوش ہیں۔ انہوں نے کہاجیت پاکستان کے نام کرتا ہوں۔ ملک کا نام روشن کر کے اچھا لگ رہا ہے۔ محمد وسیم کی حوصلہ افزائی کیلئے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔ میڈیا سے گفتگو میں کہا وسیم نے دو بار ورلڈ چیمپئن کو ہرایا ہے۔ مستقبل میں ان کیلئے نیک خواہشات ہیں۔ پوفیشنل فائٹ جیتنے پر سوشل میڈیا صارفین نے محمد وسیم کیلئے تہنیتی پیغامات کی بھرمار کر دی اور انہیں قوم کا قابل فخر سپوت قرار دیا۔