Saturday, July 27, 2024

باچا خان یونیورسٹی  کے انتظامی اور تدریسی عملے نے حملے کی تحقیقاتی رپورٹ مسترد کر دی

باچا خان یونیورسٹی  کے انتظامی اور تدریسی عملے نے حملے کی تحقیقاتی رپورٹ مسترد کر دی
February 1, 2016
چارسدہ(92نیوز)باچا خان یونیورسٹی کی انتظامیہ اور فیکلٹی ممبران نے یونیورسٹی پر حملے کی تحقیقاتی رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے، یونیورسٹی کی ٹیچر ایسوسی ایشن نے واقعے کی جوڈیشل انکوائری کا بھی مطالبہ کر دیا ہے۔ تفصیلات کےمطابق باچا خان یونیورسٹٰی چارسدہ کی انتظامیہ اور فیکلٹٰی ممبران نے یونیورسٹٰی تحفظ کو یقینی بنانے تک ادارے کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے اعلیٰ سطحی کمیٹی کی تحقیقاتی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وائس چانسلر کو ہٹانے کی بجائے واقعے کی جوڈیشل انکوائری کی جائے اور انکوائری کے نتیجے میں ذمہ دار قرار پانے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی ہو۔ وائس چانسلر فضل رحیم مروت کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں یونیورسٹی کے ملازمین انتہائی برہم نظر آئے۔ اجلاس کے شرکاء کے بقول یونیورسٹی کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے، وہ سکیورٹی کے لئے اقدامات ضرور کر رہے ہیں لیکن یونیورسٹی کو محفوظ بنانے کے لئے ایف سی کی تعیناتی ضروری ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ، فیکلٹی ممبران اورملازمین نے تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کے خلاف اور مطالبات پورے نہ ہونے پر احتجاج کا بھی فیصلہ کیا ہے۔