ویب ڈیسک: ترجمان وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت کی یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔
ترجمان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو خط تحریر کیا تھا جس میں انہوں نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی درخواست کی تھی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بیرسٹر گوہر کی ٹیلیفون پر بات چیت بھی ہوئی جس میں وزیر داخلہ نے درخواست کا جائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی تاہم بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دینے سے متعلق کوئی یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ایس سی او سربراہی کانفرنس کے موقع پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر قیدیوں سے ملاقاتوں پر پابندی ہے اور کسی بھی قیدی کو ملاقات کی اجازت دینا دیگر کے ساتھ دُہرے معیار کے زمرے میں آئے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہا تھا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے رابطہ کیا ہے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے۔ امید ہے کہ آج ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہو جائے گی۔