بالائی علاقے اور بلوچستان خون جما دینے والی سردی کی زد میں

کوئٹہ (92نیوز) ملک کے کئی علاقوں میں سردی جوبن پر ہے۔ استور میں درجہ حرارت منفی دس، کوئٹہ اور دیر میں منفی چھ ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ شدید سردی کی لہر دو سے تین روز تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں اور بلوچستان میں سردی رگوں میں خون جمانے لگی۔ کراچی میں ٹھنڈ کا راج برقرار ہے اور پارہ چند روز میں مزید نیچے آنے کا امکان ہے۔
میدانی علاقوں میں گہری دھند نے ہر شے دھندلا دی اور شہریوں کو انتہائی مجبوری میں سفر کرنے پر فوگ لائیٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ گلگت بلتستان کے پہاڑوں نے بدستور برف کی سفید چادر اوڑھ رکھی ہے جس سے ہنزہ، گلگت استور ، سکردو اور گوپس میں پارہ نقطہ انجماد سے نیچے آ گیا۔ فاٹا ، خیبرپختو نخوا اور بلوچستان میں بھی سردی جوبن پر ہے۔ کوئٹہ میں برف باری کے بعد وادی بدستور شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔
شہر کا کم سے کم درجہ حرارت منفی پانچ ریکارڈ کیا گیا جبکہ پارہ مزید دو سے تین ڈگری گرنے کا امکان ہے۔ کراچی میں کوئٹہ سے آنے والی برفیلی ہوا کا راج برقرار ہے۔ لوگ خنک موسم سے خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت دس سینٹی گریڈ رہا جس میں مزید کمی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ادھر پنجاب کے میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں ہیں۔
صبح اورشام کو پڑنے والی گہری دھند سے معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔ موٹر وے پولیس نے شہریوں کو غیرضروری سفر کرنے سے منع کیا ہے اور انتہائی مجبوری میں سفر کرنے پر فوگ لائیٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔ اس دوران مالاکنڈ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش اور برف باری کا امکان ہے۔