Saturday, July 27, 2024

بالائی علاقوں میں برفباری سے ٹریفک کا نظام درہم برہم

بالائی علاقوں میں برفباری سے ٹریفک کا نظام درہم برہم
February 5, 2017

سکردو / گلگت(92نیوز) سکردو، گلیات اور چترال سمیت بالائی علاقوں میں شدید برف باری جاری ہے۔ شاہراہ قراقرم کوہستان میں لوئربٹل کے مقام پر ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی۔ گلگت سکردو روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ سے بلتستان کے چاروں اضلاع کا زمینی رابطہ کٹ گیا۔ ادھر شمالی بلوچستان میں بھی برف باری نے پھر رنگ جمادیا۔

کوئٹہ میں رم جھم کے بعد برف کے گالے گرنے شروع ہوئے جس نے وادی کو چاندی میں بدل دیا۔ ہرنائی، ژوب، سنجاوی اور چمن میں وقفے وقفے سے برف باری ہوتی رہی۔ نوشکی میں گلیاں اور چھتوں پر برف ہی برف  نظر آئی۔ ایبٹ آباد، شانگلہ، مالم جبہ، مانسہرہ، چترال میں بھی برف باری نے نظاروں کو مزیدحسین بنا دیا ہے۔

گلیات، نتھیاگلی اور ٹھنڈیانی میں برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے ایبٹ آباد مری روڈ ٹریفک کے لیے بند ہو گئی۔ پاراچنار میں ٹہنیوں اور پتوں پر برف جم گئی۔ وادی نیلم میں برف باری نے ہر شے کو سفید کردیا جبکہ رستے دھندلا گئے۔ چترال کے علاقے گولین میں سب سے زیادہ تین فٹ تک برف پڑی۔

دوسری جانب پشاور میں برفیلی ہوا کے ساتھ آسمان سے بوندیں گرنا شروع ہوئیں تو پھولوں کے شہر والوں کے چہرے کھل اٹھے اور وہ موج مستی کرنے تفریح گاہوں میں پہنچ گئے۔ لاہور میں آج صبح ہی سورج نے کرنیں بکھیر دیں جبکہ رات گئے بادل جم کر برسے۔  اسی طرح فیصل آباد میں رم جھم نے موسم کا لطف دوبالا کر دیا۔ جہلم، اوکاڑہ، ملتان، مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، خانیوال اور بہاولپور میں بھی ابرکرم برسا۔ جلالپور پیروالہ اور میانوالی میں بارش کے ساتھ ژالہ باری سے شہریوں کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا۔

چولستان کے کئی علاقوں میں تیز بارش ہوئی جس سے خشک سردی ختم ہو گئی کراچی والے بونداباندی کے بعد خنک موسم سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ آج بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔