Saturday, September 14, 2024

بارش اور آندھی سے لاہور کے متعدد علاقے بجلی سے محروم

بارش اور آندھی سے  لاہور کے متعدد علاقے بجلی سے محروم
June 6, 2018
لاہور ( 92 نیوز ) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ رات تیز آندھی اور بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا مگر محکمہ واپڈا کی نا اہلی کی بدولت اب بھی متعدد علاقے بجلی سے محروم ہیں ۔ بارش سے گرمی کا  زور تو کم ہوا لیکن  باران رحمت واپڈا کی نا اہلی کے باعث بیشتر شہریوں کے لئے باعث زحمت بنی رہی ، آندھی سے شہر کے بیشتر علاقے  فیڈر ٹرپ کرنے اور فنی خرابی کے باعث تاریکی میں ڈوب گئے ۔ آندھی کے باعث ٹرپ کرنے والے 70 فیڈرز  میں سے 25تاحال بحال نہ ہو سکے ، فیڈر ٹرپ ہونے سے بیشتر علاقے 18 گھنٹے سے بجلی سے محروم ہو گئے۔ ٹھوکر نیاز بیگ، خیابان امین، طارق گارڈن، ویلنشیاء، جوہر ٹاؤن  سمیت سرور روڈ، سرفراز رفیقی روڈ، طفیل روڈ کینٹ میں بھی بجلی غائب ہے۔ اچھرہ، وحدت کالونی، مغلپورہ، جلو موڑ، مناواں، شفیق آباد،  شاہدرہ، گڑھی شاہومیں بجلی کا نظام درہم برہم  ہو گیا ۔بجلی کی بندش سے گھروں اور مساجد میں پانی کی شدید قلت سے شہری پریشان ہیں جبکہ معتکفین کو وضو کرنے میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔ دوسری جانب مختلف شاہراہوں پر درخت اکھڑنے سے ٹریفک کا نظام بھی بری طرح  متاثر ہوا، اور شہر کی اہم شاہراوں پر ٹریفک سست روی کا شکار رہی ۔