Tuesday, April 30, 2024

ای وی ایم، شبلی فراز نے الیکشن کمیشن کے 22 اعتراضات سے کابینہ کو آگاہ کردیا

ای وی ایم، شبلی فراز نے الیکشن کمیشن کے 22 اعتراضات سے کابینہ کو آگاہ کردیا
September 2, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) اور ای ووٹنگ کے نفاذ میں مشکلات، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے الیکشن کمیشن کے 22 اعتراضات سے کابینہ کو آگاہ کردیا۔

مشیر پارلیمانی امور نے سپریم کورٹ بار انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے منعقد کرنے کی تجویز دیدی۔ اُن کا کہنا تھا، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے عملی مظاہرے سے افادیت کا پتہ چل سکے گا۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے نادرا نے آئی ووٹنگ کا ڈیزائن الیکشن کمیشن کو فراہم کردیا ہے۔

وفاقی حکومت نے 30 نومبر تک الیکٹران ووٹنگ مشین اور آئی ووٹنگ کیلئے قانون سازی کی ڈیڈلائن مقرر کررکھی ہے۔ مشیر پارلیمانی امور سے مشاورت کے بعد الیکشن کمیشن کے اعتراضات پر جواب دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا، پرانے نظام سے فائدہ حاصل کرنے والی سیاسی جماعتیں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی مخالفت کررہی ہیں۔ شفاف اور آزاد انتخابات کیلئے ہر صورت الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا نفاذ یقینی بنایا جائے گا۔