Friday, October 7, 2022

ای سی ایل میں نام ، نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کا عمل تاخیر کا شکار

ای سی ایل میں نام ، نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کا عمل تاخیر کا شکار
لاہور ( 92 نیوز) قائد ن لیگ نواز شریف آج بھی بیرون ملک روانہ نہ ہوسکے ،ذرائع کے مطابق   ای سی ایل میں تاحال نام ہونے کی وجہ سے  نواز شریف بیرون ملک روانہ نہ  ہوسکے  ، دوسری جانب  گورنر پنجاب  چودھری محمد سرور نے  شام تک  نواز شریف کا نام  ای سی ایل سےنکل جانے کا مژدہ سنا دیا۔ رہنمان لیگ  نواز شریف کی طبیعت تاحال ناساز  ہے ، لیکن علاج کی غرض  سے بیرون ملک اڑان نہ بھر سکے  ۔ ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کے مطابق ای سی ایل سے نام نکالنے کے عمل کی غیر یقینی نے  ڈاکٹروں کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ مریم اورنگزیب نے  کہا کہ  ڈاکٹرز کے لئے مشکلات بڑھ رہی ہیں کہ پلیٹ لیٹس بڑھانے کے لئے  مزید اسٹیرائیڈز کی ہائی ڈوز دیں یا نہ دیں، نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی مقدار سفر کےقابل بنانے کے عمل میں ان کی جان کے لئے خطرات مزید بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ وقت ضائع ہوتا رہا تو نواز شریف کی صحت کو نا قابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے ۔ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہنا تھاکہ سروسز اسپتال اور شریف میڈیکل سٹی کے ہائی پروفائل میڈیکل بورڈز کی متفقہ رائے کے مطابق نواز شریف کو علاج کے لئے بیرون ملک بھیجنا چاہئے، نواز شریف کا سنٹر آف ایکسیلنس میں بیماری کی تشخیص اور علاج معالجہ ممکن ہو سکے گا۔ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف جاتی امراء میں اپنے بھائی کی عیادت کے لیے پہنچے جبکہ لیگی ایم پی اے ملک احمد خان بھی جاتی امراء پہنچے اور شہباز شریف سے قائد کی صحت  سے متعلق دریافت کیا۔