Saturday, October 1, 2022

ایک سو انیس امیدواروں کو جیپ کا انتخابی نشان الاٹ

ایک سو انیس امیدواروں کو جیپ کا انتخابی نشان الاٹ
اسلام آباد (92 نیوز) جیپ کا انتخابی نشان اہمیت اختیار کر گیا۔ ایک سو انیس امیدواروں کو جیپ کا انتخابی نشان الاٹ کیا گیا۔ اگر جیپ کے نشان والے متحد ہو گئے تو جیپ کی ریس بھی اہمیت اختیار کر جائے گی۔ سابق وزیرداخلہ چودھری نثار نے بھی جیپ ہی کا انتخابی نشان لینے کی وجوہات بھی بتا دیں۔ سابق صوبائی وزیر زعیم قادری، سردار امجد فاروق، سردار محسن حسن خان، اسامہ عبدالکریم، شیرعلی گورچانی اور سلطان محمود ہنجر سمیت ن لیگ سے راہیں جدا کرنے والے متعدد امیدوار صرف جیپ کے نشان پر ہی الیکشن لڑ رہے ہیں۔ ایک سو انیس جیپوں کے قافلے پر تیر، بلا اور دیگر جیتنے والے امیدوار بھی سوار ہو گئے تو شاید کوئی دروازہ بھی جیپ کا راستہ نہ روک سکے اور بہت سے ریسرز ریس لگائی جیپ کی گرد میں ہی گم ہو کر رہ جائیں۔ الیکشن دو ہزار اٹھارہ میں جہاں بڑے بڑے برج الٹنے کا اندیشہ ہے وہیں ایک سو انیس جیپوں کی دوڑ بھی خاصی اہمیت کی حامل ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ جیپوں کا دستہ متحد ہو کر دوسرے کو لفٹ دے پائے گا یا نہیں۔