Saturday, January 22, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

ایک دن کی دھند نے لیسکو کے ترسیلی نظام کا پول کھول دیا

ایک دن کی  دھند نے لیسکو کے ترسیلی نظام کا پول کھول دیا
December 9, 2016

لاہور(92نیوز)بارش کے بعد دھندنے بھی لیسکوکے بوسیدہ ترسیلی نظام کاپول کھول دیا۔ رات کو پڑنےوالی دھند کے باعث شہر کے ایک سوسترہ گرڈ سٹیشن بند کرنے سے پنجاب کے بیشترعلاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔ بجلی کی بندش کے باعث پانی بھی غائب ہو گیا۔ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

تفصیلات کےمطابق گرمیوں میں لوڈشیڈنگ کاعذاب جھیلنے کے بعد شہریوں کوموسم کی تبدیلی کے بعد یہ امید تھی اب لوڈشیڈنگ کاجن بوتل میں بند ہوجائے گا لیکن  لیسکو کے ترسیلی نظام نے ایک بار پھر شہریوں کو دھوکہ دے گیا۔ دوروز سےپنجاب میں دھند پڑنے سے لیسکو کا بوسیدہ ترسیلی نظام شہریوں کو بجلی فراہم کرنے میں ایک بار پھر ناکام ہوگیا  اور رات گئے دھند کے باعث لیسکو کے 117 گرڈسٹیشن بند کردئیے گئے جس کے باعث شہر تاریکی میں ڈوب گیا۔

شاہدرہ، بھاٹی گیٹ، سمن آباد، اقبال ٹاؤن، مصطفےٰ ٹاؤن، واپڈا ٹاؤن، جوہر ٹاؤن، گرین ٹاؤن، فیصل ٹاؤن اور دھرم پورہ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں رات گئے سے بجلی بند رہی  بجلی کی بندش کے باعث پانی بھی نایاب ہو گیا۔

وزارت پانی و بجلی کے ذرائع کے مطابق پنجاب بھر میں بجلی کا بریک ڈاون کم پیداوار اور دھند کے باعث ہوا دھند سے مین لائن کے کنکٹر ٹرپ کر گئے۔ وزارت پانی وبجلی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجہ بھی یہی تھی۔ اس وقت انکوائری ہوئی اور ذمہ داروں کا تعین بھی کیا گیا لیکن کنکٹرز تبدیل نہیں کیے جا سکے۔