Saturday, July 27, 2024

ایک ایپ ڈیلیٹ کر کے اپنے اینڈرائیڈ فون کی بیٹری 20 فیصد تک بڑھائیں

ایک ایپ ڈیلیٹ کر کے اپنے اینڈرائیڈ فون کی بیٹری 20 فیصد تک بڑھائیں
February 3, 2016
لاہور (ویب ڈیسک) اینڈرائیڈ فون سیٹ استعمال کرنے والے نوجوان اکثر اس بات سے نالاں نظر آتے ہیں کہ ان کے فون کی بیٹری بہت جلد ختم ہو جاتی ہے اور بعض اوقات تو فل چارج بیٹری نصف دن بھی نکالنے کو تیار نظر نہیں آتی ہے۔ اس مسئلے کا حل مہنگے فون سیٹ خریدنا بھی نہیں ہے کیونکہ ان کے ساتھ بھی یہی مسئلہ درپیش ہوتا ہے اور تو اور سستے اینڈرائیڈ فون استعمال کرنے والوں کی حالت تو کافی پتلی نظر آتی ہے۔ ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل فونز میں چند ایپلی کیشنز ایسی ہوتی ہیں جو بہت زیادہ زیراستعمال رہتی ہیں اور یہی ایپلی کیشنز بیٹری خرچ کرنے میں پیش پیش ہوتی ہیں۔ اگر آپ صرف ایک ایپلی کیشن کو اپنے اینڈرائیڈ فون سے ڈیلیٹ کر دیں تو آپ کے سمارٹ فون کی ٹائمنگ 20 فیصد بہتر ہو جائے گی۔ نہ صرف بیٹری ٹائمنگ بہتر ہو گی بلکہ فون کی رفتار میں بھی خاطرخواہ اضافہ ہو گا۔ اینڈرائیڈ صارفین اگر یہ سوچ رہے ہیں کہ وہ گوگل پلس جیسی ایپلی کیشن ڈیلیٹ کر دیں تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔ آپ مانیں یا نہ مانیں سب سے زیادہ بیٹری خرچ ایپلی کیشن فیس بک ہے۔ بلاشبہ بہت سے لوگ فیس بک کو ڈیلیٹ کرنے کے بجائے اپنا ہاتھ کاٹنے دینے کو ترجیح دیں گے مگر حقیقت یہی ہے کہ فیس بک ہی وہ ایپلی کیشن ہے جو بیٹری کا خون سب سے زیادہ چوستی ہے۔ بہت سے لوگوں نے اس حوالے سے تجربات کیے ہیں اور سب کی متفقہ رائے ہے کہ فیس بک ان انسٹال کرنے سے بیٹری ٹائمنگ 20 فیصد بڑھ جانے کے علاوہ فون کی رفتار بھی زیادہ بہتر ہوتی ہے۔ البتہ ایک اچھی خبر یہ ہے کہ فیس بک میسنجر بیٹری کے استعمال کے حوالے سے زیادہ فضول خرچ نہیں۔ صارفین میسنجر کو سمارٹ فون میں رکھ کر فیس بک کو ایپلی کیشن کی بجائے کروم میں استعمال کر کے بیٹری ٹائمنگ بڑھا سکتے ہیں۔