Saturday, July 27, 2024

ایکواڈور میں تاریخ کا بدترین زلزلہ‘ ہلاکتیں 350 تک جا پہنچیں‘ سیکڑوں زخمی

ایکواڈور میں تاریخ کا بدترین زلزلہ‘ ہلاکتیں 350 تک جا پہنچیں‘ سیکڑوں زخمی
April 18, 2016
قیوٹو (ویب ڈیسک) لاطینی امریکا کے ملک ایکواڈور میں زلزلے سے اموات کی تعداد 350 ہو گئی ہے جبکہ پچیس سو سے زائد افراد زخمی ہیں۔ ایکواڈور حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔ سات اعشاریہ آٹھ شدت سے آنے والے زلزلے کو حالیہ تاریخ کا بدترین زلزلہ قرار دیا گیا ہے۔ متاثرہ شہروں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایکواڈور میں آنے والے بدترین زلزلے نے تباہی مچادی۔ حکام کی طرف سے امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں جبکہ منہدم مکانات کے اندر زندہ بچ جانے والے افراد کو باہر نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ دس ہزار فوجی اور ساڑھے تین ہزار پولیس اہلکار امدادی کارروائیوں میں شامل ہیں۔ زلزلے سے ملک کے شمال مغربی ساحلی علاقے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ بہت سے لوگ جن کے گھر مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں عارضی کیمپوں میں پناہ لے رکھی ہے جہاں دوبارہ زندگی شروع کرنے کی کوششیں ہورہی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت ترجیح زندہ بچ جانے والے افراد کی تلاش ہے۔ متاثرہ علاقوں میں مکانات کی تباہی کے ساتھ ساتھ بہت سی جگہوں پر سڑکیں پھٹ گئی ہیں اور گڑھے پڑ گئے ہیں۔ لوگ متاثرہ مکانات سے اپنا سامان باہر نکال کر دوسری جگہ منتقل کر رہے ہیں۔