Saturday, July 27, 2024

ایکواڈور: سات اعشاریہ آٹھ شدت کا زلزلہ، ہلاک ہونیوالوں کی تعداد ستتر، ایمرجنسی کا اعلان

ایکواڈور: سات اعشاریہ آٹھ شدت کا زلزلہ، ہلاک ہونیوالوں کی تعداد ستتر، ایمرجنسی کا اعلان
April 17, 2016
ایکواڈور (ویب ڈیسک) لاطینی امریکا کے ملک ایکواڈور میں سات اعشاریہ آٹھ شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی۔ زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ستتر ہو گئی ہے۔ ایکواڈور کے نائب صدر جارج  گلیس نے ایمرجنسی کا اعلان کر دیا۔ زلزلے کا مرکز موزین شہر کے آس پاس کا علاقہ تھا جس سے 160 کلومیٹر دور دارالحکومت کیوٹو میں بھی عمارتیں لرز گئیں۔ امدادی کارکن، پولیس اور فوج کے اہلکار ملبے تلے دبے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو زندہ بچانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ ایکواڈور کے نائب صدر جارج گلیس  نے نیوز کانفرنس میں ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد سونامی کے خدشے کے باعث ساحلی علاقوں سے لوگوں کی منتقلی جاری ہے۔ زلزلے کے سبب شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔ زلزلے سے گوایاکل شہر میں ایک فلائی اوور تباہ ہو گيا ہے جبکہ کئی علاقوں میں عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ دی پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے خبردار کیا ہے کہ ساحلی علاقوں میں 300 کلومیٹر کے اندر تک خطرناک قسم کی لہریں اٹھنے کا خدشہ ہے۔