ایکسپورٹ پراسیسنگ زون اتھارٹی تباہ حالی کی جانب گامزن
کراچی (92نیوز) انتظامیہ نے قواعد کی دھجیاں اڑا کر سٹیل ملز کے گریڈ اکیس کے نان کیڈر افسر کو ڈیپوٹیشن پر تعینات کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک کی برآمدات میں مدد فراہم کرنے والی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون اتھارٹی تباہ حالی کے باعث خود مدد کی طلبگار بن گئی۔
دوسری جانب افسروں کی موجیں اور من چاہے افسروں پر نوازشات کا سلسلہ جاری ہے۔ قواعد کی دھجیاں اڑا تے ہوئے وزرات صنعت نے سٹیل ملز کے گریڈ اکیس کے نان کیڈر افسر کو ڈیپوٹیشن پر تعینات کردیا۔
اس حوالے سے سپریم کورٹ کے واضح احکامات ہیں کہ کسی بھی محکمہ میں کوئی بھی افسر ڈیپوٹیشن پر تعینات نہیں کیا جائے گا۔ نئے تعینات کئے گئے گریڈ اکیس کے افسر علی اظہر بلوچ کو ڈی جی نارتھ تعینات کیا گیا۔
اپزا کے قوانین کے تحت اتھارٹی میں ڈی جی نارتھ کی کوئی پوسٹ ہی نہیں۔ وزارت صنعت نے علی اظہر بلوچ کو نوازنے کے لیے گریڈ انیس کی پوسٹ کو ڈبل اپ گریڈ کیا جبکہ وزارت صنعت کو گریڈ اکیس کے افسر کی تقرری کا اختیار بھی نہیں۔
واضح رہے کہ گریڈ اکیس کے افسر کا تقرر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن یا وزیراعظم کی منظوری سے ہوتا ہے۔ علی اظہر بلوچ کو اس سے پہلے ڈائریکٹر ایڈمن اور ڈائریکٹر فنانس تعینات کرنے کی بھی کوشش کی جاچکی تھی۔