Monday, October 3, 2022

ایکسپورٹ انڈسٹری کو 5 ارب کا ریلیف ، ترقیاتی بجٹ میں 10 فیصد اضافے کا اعلان

ایکسپورٹ انڈسٹری کو 5 ارب کا ریلیف ، ترقیاتی بجٹ میں 10 فیصد اضافے کا اعلان
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خزانہ اسد عمر نے ایکسپورٹ انڈسٹری کو 5 ارب کا ریلیف  دینےجبکہ پنشن اور ترقیاتی بجٹ میں 10فیصد اضافے کا اعلان کر دیا۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے قومی اسمبلی میں سپلیمنٹری فنانس بل پیش کر دیا۔  ایوان سے خطاب میں وزیر خزانہ کہا کہ معیشت کو استحکام ، روزگار اور برآمدات میں اضافہ ہماری ترجیحات ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ارکان اسمبلی کی بجٹ تجاویز پر غور کیا جائے گا ، گزشتہ سال مالیاتی خسارہ 6.6 فیصد تک پہنچ گیا تھا، معاشی طور پر ملک کو مشکل حالات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں گزشتہ سال ساڑھے 4 سو ارب روپے کا خسارہ ہوا، گیس کے شعبے میں 100 ارب روپے سے زائد کے خسارے کا سامنا ہے، موجودہ صورتحال میں خسارہ 7.2 فیصد تک پہنچ سکتا ہے۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ ملک پر بیرونی قرضے 95 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں ، ملکی زر مبادلہ کے ذخائر خطرناک حد تک گر چکے ہیں ، گزشتہ چند ماہ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 20 روپے کمی آچکی ہے ، روپے کی قدر میں کمی سے عام آدمی بری طرح متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی سے عام اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ورکر ویلفیئر فنڈز روکنے سے عام مزدور متاثر ہورہا ہے ، سٹیل ملز کے ملازمین مشکلات کی وجہ سے خودکشیوں پر مجبور ہوئے ، گزشتہ حکومت کے پیش کردہ بجٹ میں آمدن زیادہ اور اخراجات کم دکھائے گئے ،  خطرناک معاشی حالات سے نکلنے کیلئے مشکل فیصلے کرنا ہونگے۔ اسد عمر نے کہا کہ ہمارا مقصد غریب اور متوسط طبقے پر بوجھ کم کرنا ہے ، کسان کی آسانی کیلئے کھاد کی ترسیل بڑھارہے ہیں ،وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ صحت انصاف کارڈ کا اجراء کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کارڈ کے تحت علاج کیلئے 5 لاکھ 40 ہزار روپے تک اخراجات دیئے جائینگے ، مزدوروں کیلئے 10 ہزار گھروں کی تعمیر کی منظوری دیدی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ای او بی آئی پنشنرز کی کم سے کم پنشن میں 10فیصد اضافہ کیا جارہا ہے ، پٹرولیم لیوی ٹیکس میں اضافہ نہیں کیا جائے گا ، صنعتوں کیلئے 44 ارب روپے کی سبسڈی کا اعلان کر چکے ہیں۔