Friday, December 2, 2022

ایڈیلیڈ ٹیسٹ پر آسٹریلیا کی گرفت مضبوط، پاکستان کو فالو آن کا خطرہ

ایڈیلیڈ ٹیسٹ پر آسٹریلیا کی گرفت مضبوط، پاکستان کو فالو آن کا خطرہ
ایڈیلیڈ (92 نیوز) ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں ڈیوڈوارنز کی ٹرپل سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے 589 رنز 3 کھلاڑی آﺅٹ پر پہلی اننگز ڈکلیئر کردی۔ جواب میں پاکستانی ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی، فالو آن کا خطرہ سر پرمنڈلانے لگا، دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 6 وکٹیں گنوا کر 96 رنز بنا لئے۔ ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی جانب سے ڈیوڈ وارنر کے بیٹ سے رنز نکلتے رہے، انہوں نے 335 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کی جانب سے لبوشین 162رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، اسٹیو اسمتھ نے 37 رنز بنائے، اس دوران انہوں نے ٹیسٹ کیرئیر کے 7 ہزار ٹیسٹ رنز بھی مکمل کیے۔ میتھیوویڈ 38 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ پاکستانی بائولرز وکٹ کی تلاش میں بے بس نظر آئے، 127 اوورز میں صرف 3 وکٹیں ہی ہاتھ آسکیں، شاہین شاہ آفریدی کے سوا کوئی بھی باﺅلر وکٹ حاصل نہ کرسکا۔ آسٹریلیا کے 589 رنز کے جواب میں پاکستان کی اننگز ابتدا میں ڈگمگا گئی۔ اوپنر امام الحق 3 کے مجموعی سکورپر 2 رنز بنا کر پیسر مچل سٹاک کی گیند پر ڈیوڈ وارنر کو کیچ پکڑا کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان اظہرعلی نے 9 کے انفرادی سکور پر کمنز کی گیندپر سمتھ کو کیچ تھما دیا، اوپنر شان مسعود 19 رنز بناکر ہیزل ووڈ کی گیند پر وکٹ کیپر ٹم پائن کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے ۔مڈل آرڈربلے باز اسد شفیق 9 کے انفرادی سکور پر مچل سٹاک کا ہدف بنے۔ پاکستان کی جانب سے محمد رضوان کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے، بابر اعظم 43اور یاسر شاہ 4 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ دوسر ے روز کا کھیل ختم ہونے پر پاکستان نے 6 وکٹوں پر 96 رنز بنائے۔ فالو آن کے خطرے کا بھی سامنا ہے، قومی ٹیم کی 4 وکٹیں باقی ہیں جبکہ 493 رنز کے خسارے میں ہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹاک کامیاب ترین باﺅلرثابت ہوئے، 13 اوورز میں 22 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ کمنز اور ہیزل ووڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔