Friday, October 7, 2022

ایڈیشنل آئی جی نے ریٹائرمنٹ کے وقت حیدرآباد پولیس کو بے نقاب کردیا

ایڈیشنل آئی جی نے ریٹائرمنٹ کے وقت حیدرآباد پولیس کو بے نقاب کردیا
حیدرآباد (92 نیوز) ایڈیشنل آئی جی نے ریٹائرمنٹ کے وقت حیدرآباد پولیس کو بے نقاب کردیا۔ سابق اے آئی جی حیدرآباد غلام قادر تھیبو نے ریٹائرمنٹ کے دن ایس ایس پی عدیل چانڈیو کو خط لکھا۔ کہا کہ پولیس کے تمام ایس ایچ اوز جرائم پیشہ افراد کیساتھ مل کر کام کرتے ہیں، ایس ایچ اوز منشیات فروشوں کے سرپرست ہیں۔ خط کے متن کے مطابق پولیس کے افسران کچی شراب، جوئے اور سٹے میں ملوث افراد کیساتھ مل کر کام کرتے ہیں، ایس ایچ اوز جرائم پیشہ افراد سے ماہانہ بھتہ لیتے ہیں، عوام سوشل میڈیا پر ان باتوں کا کھلم کھلا اظہار کرتے ہیں جس سے پولیس بدنام ہو رہی ہے۔ سابق اے آئی جی حیدرآباد غلام قادر تھیبو کے خط میں ایس ایس پی حیدرآباد کو ہدایت کی کہ آپ تمام ملوث افسران و ایس ایچ اوز کیخلاف قانونی کارروائی اور تحقیقات کروائیں۔ آپ نے جرائم پیشہ افراد کے سرغنہ افراد کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی، آپ کام کرنے والے افسران کی راہ میں رکاوٹ ڈالتے ہیں۔