ایڈز کے مریض کو فوری اینٹی ریٹرو وائرس ادویات استعمال کرائی جائیں: ڈبلیوایچ او
لندن (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت نے ایڈز کے مریضوں سے متعلقہ اپنے رہنما اصولوں میں تبدیلی کی ہے۔ نئے اصولوں جاری کرتے ہوئے عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ ایڈز سے متاثرہ کسی بھی شخص کو فوری طور پر اینٹی ریٹرو وائرل ادویات دی جانی چاہئیں۔
عالمی ادارہ کے مطابق طبی تجربات سے ظاہر ہوا ہے کہ ادویات کے جلد استعمال سے ایچ آئی وی کے وائرس منتقل ہونے کے خطرے سے بچا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل عالمی ادارہ صحت نے ڈاکٹروں کو ہدایت کی تھی کہ وہ ان لوگوں میں اس بیماری کی علامات ظاہر ہونے تک علاج کا انتظار کریں۔
واضح رہے کہ اس وقت دنیا بھر میں ساڑھے تین کروڑ افراد ایچ آئی وی سے متاثر ہیں اور ان کے جسم میں ایچ آئی وی وائرس اور دفاعی نظام کے درمیان جنگ چل رہی ہوتی ہے۔