Wednesday, September 18, 2024

ایٹمی پروگرام کو غیر ضروری کہنے والا کٹھ پتلی سکیورٹی رسک بن چکا، بلاول بھٹو

ایٹمی پروگرام کو غیر ضروری کہنے والا کٹھ پتلی سکیورٹی رسک بن چکا، بلاول بھٹو
June 26, 2021

کوٹلی (92 نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے حکمرانوں کو سکیورٹی رسک قرار دیدیا۔ کہا کہ ایٹمی پروگرام کو غیر ضروری کہنے والا کٹھ پتلی سکیورٹی رسک بن چکا۔

بلاول بھٹوزرداری نے پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کے تیر چلا دیئے، ہفتہ کے روز کوٹلی میں، جلسہ عام سے خطاب میں بولے، مخصوص سوچ رکھنے والے بتائیں وزیراعظم کس کے کہنے پرپالیسیاں بنا رہا ہے؟۔

اُنہوں نے کہا، کشمیر کا فیصلہ اسلام آباد یا نئی دہلی نہیں کشمیری کریں گے۔ ان کا فیصلہ جنگ کا ہوگا تو جنگ، فیصلہ امن کا ہوگا تو امن کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی بنیاد ہی کشمیر اور مسئلہ کشمیر سے پڑی تھی، پیپلزپارٹی کی تیسری نسل کی سیاست کشمیریوں کی وجہ سے جاری ہے۔ پیپلزپارٹی کی سیاست آج بھی کراچی سے کشمیر تک ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بولے کہ، جب مودی نے مقبوضہ کشمیر پر حملہ کیا تو عمران خان کا قومی اسمبلی میں جواب تھا کہ میں کیا کروں۔ ہم چاہتے ہیں کشمیر میں ایسی حکومت ہو جو مودی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرسکے۔

اُن کا کہنا تھا کہ، پاکستان میں جتنی مہنگائی ہے خطے کے کسی ملک میں نہیں۔ عمران خان کی تبدیلی کا اصل چہرہ مہنگائی،غربت اور بیروزگاری ہے۔ یہ کہتے ہیں پیپلزپارٹی نے کچھ نہیں کیا، میں کہتا ہوں جو بھی بنا ہے پیپلزپارٹی کے دور میں بنا۔ سی پیک کی بنیاد پیپلزپارٹی ہی نے رکھی۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا، کوٹلی کی عوام نے فیصلہ سنا دیا، کشمیر میں 25 جولائی کو پیپلزپارٹی کی حکومت بنے گی۔