ایون فیلڈ ریفرنس، مریم نواز اور صفدر کی اپیلوں پر سماعت 15 جولائی تک ملتوی
اسلام آباد (92 نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور کپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں اپیلوں پر سماعت 15 جولائی کو ہوگی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں مریم نواز، کیپٹن (ر)صفدر اور نیب کی اپیلوں پر سماعت جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کی۔ نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز عدالتی حکم پر حاضر ہوئیں۔ انکے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ کورونا وائرس کا شکار رہا ہوں، اب بھی بڑی مشکل سے کورٹ کے سامنے کھڑا ہوں، 3 ہفتوں کی مہلت دی جائے۔
جسٹس محسن اختر نے ریمارکس دئیے کہ عدالت انتظام کرے گی آپ بیٹھ کر دلائل دے سکتے ہیں، لیٹ کر دلائل کا بھی انتظام ہو گا۔ کیس کو چلانا ہے، کیونکہ کیس کسی نہ کسی دن شروع کرنا ہے، کیس کو ابھی ملتوی کرتے ہیں، ایک ہفتے میں سماعتوں کی تعداد سے متعلق فیصلہ کریں گے۔
عدالت نے مریم نواز اور نیب کی اپیلوں پر سماعت کیلئے الگ الگ تاریخیں دیں۔ نیب کی جانب سے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کے خلاف اپیل اور العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا بڑھانے کی اپیل پر سماعت 28 جولائی کو ہوگی۔
عدالتِ عالیہ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیلوں پر سماعت 15 جولائی تک ملتوی کر دی جبکہ فلیگ شپ اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نیب اپیلوں پر سماعت 28 جولائی تک ملتوی کر دی۔