Saturday, July 27, 2024

این سری نواسن کرکٹ کی دنیا کا سب سے طاقتور اور متنازعہ کردار

این سری نواسن کرکٹ کی دنیا کا سب سے طاقتور اور متنازعہ کردار
April 1, 2015
ممبئی(ویب ڈیسک) آئی سی سی کے صدر مصطفیٰ کمال کرکٹ کے سب سے متنازعہ اور سب سے طاقتور کردار این سری نواسن کے اثر و رسوخ کا شکار بن گئے۔ بھارت کے امیر کبیر بزنس مین سری نواسن کون ہیں اور بار بار تنازعات کا شکار ہونے کے باوجود کیسے بچ نکلتے ہیں اس کی تفصیلات کا سرسری جائزہ لیا جارہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں کرکٹ اب صرف ایک کھیل نہیں، بہت بڑا بزنس بن چکا ہے،  کھیلنے والے بھی کروڑوں میں کماتے ہیں اور کھلانے والے بھی، فارمولا بہت سادہ ہے،  لاکھوں لگاؤ، کرکٹ بورڈ میں آؤ اور پھر کروڑوں کماو۔ سری نواسن نے بھی اسی فارمولے پر عمل کیا، نوے کی دہائی میں بھارت میں سیمنٹ کی دو بڑی کمپنیاں انڈیا سیمنٹ اور راسی سیمنٹ ہتھیانے کے بعد  پیسے کے بل پر  بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری بنے،  آئی پی ایل فرنچائز چنائی سپر کنگز خریدی اور پھر بھارتی بورڈ کے صدر بن بیٹھے۔ آئی پی ایل میں میچ فکسنگ اسکینڈل سامنے آیا تو چنائی سپر کنگز کی ملکیت سے ہی مکر گئے،  ان کے داماد گروناتھ میاپن کو پولیس نے دھر لیا، کیس چلا اور میاپن کو جیل کی ہوا کھانا پڑی لیکن سری نواسن کا کوئی بال بھی بیکا نہ کر سکا۔ آئی سی سی پر بھارت کی اجارہ داری قائم کرنے کے لئے بگ تھری فارمولا پیش کیا،  اور اب آئی سی سی کے منافع میں سے سب سے بڑا حصہ بھارتی بورڈ کی جیب میں جاتا ہے۔ سری نواسن دوسری بار بھارتی بورڈ کے صدر بننا چاہتے تھے کہ سپریم کورٹ آڑے آ گئی، سپریم کورٹ تو نہ مانی لیکن سری نواسن کی دولت نے انہیں آئی سی سی کا کرتا دھرتا بنا دیا۔ مصطفیٰ کمال نے ان سے ٹکر لی گویا اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری، مصطفٰی کمال کے اس طرح آئی سی سی چھوڑنے کے بعد خدشہ یہی ہے کہ سری نواسن کی طاقت میں اور اضافہ ہو گا۔