این اے122 : گیارہ اکتوبر کے سنسنی خیز میچ کی تیاریاں جاری
لاہور(92نیوز)این اے ایک سوبائیس میں گیارہ اکتوبر کے سنسنی خیز میچ کی تیاریاں جاری ہیں ،دونوں ٹیموں نے سیاسی میچ سے پہلے خوب نیٹ پریکٹس کی سیاسی مہم کا آج آخری روز ہے۔
تفصیلات کےمطابق این اے 122تگڑے میچ کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا،حلقے میں مسلم لیگ نون اور تحریک انصاف کے درمیان کانٹے کامقابلہ ہے۔
گیارہ اکتوبرکے میچ سے پہلے دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کو ہرانے کے دعوے کر رکھے ہیں،تحریک انصاف کا دعویٰ ہے کہ کپتان کا اہم کھلاڑی عبد العلیم خان سردار ایاز کو کلین بولڈ کر دے گاجبکہ نواز شریف کے اوپنر بلے باز سردار ایاز صادق کے بارے میں ان کے حمایتیوں کاکہنا ہے کہ اب کی مرتبہ وکٹ نہیں چھکا لگے گا اور گیند سٹیڈیم سے باہر جائے گی۔
میچ سے پہلے مسلم لیگ نون اور تحریک انصاف کی نیٹ پریکٹس کا آج آخری روز ہے،مسلم لیگ نون کا جلسہ ڈونگی گراؤنڈ جبکہ تحریک انصاف کا جلسہ مزنگ میں ہوگا سردار ایاز صادق کہتے ہیں جیت ان کی ہوگی
حلقے میں سیاسی ماحول ایساگرم ہے کہ دونوں بڑی جماعتوں کے کارکن بھی مدمقابل کو چھکے مار رہے ہیں،نعروں کے مقابلے ہورہے ہیں توبھنگڑے ڈال کرمخالفین کو دباؤ میں لانے کی کوششیں بھی ہورہی ہیں۔
میچ ریفریز اور ایمپائرز کاکہنا ہے کہ کہیں بھی گڑبڑ ہوئی توقانون حرکت میں آئے گا اس لئے فاؤل پلے کی اجازت نہیں ہوگی،انتظامیہ نے کارکنوں کو بھی محتاط رہنے کی ہدایت کی کیونکہ کوئی بھی ووٹرپریشان ہوا تومخالف ٹیم کے کھلاڑی کے خلاف ایکشن ہوگا۔