این اے122: پورے حلقے میں نون اور جنون کا ٹکراؤ رہا
لاہور(92نیوز)این اے ایک سو بائیس کے دنگل میں نوجوان کارکنوں پر جوش دن بھر غالب رہا ،نون لیگ اور تحریک انصاف کے کارکنوں کا کئی مقامات پر ٹکراؤ ہوا تلخ کلامی اور مار کٹائی کے علاوہ کرسیوں کے آزادانہ استعمال نے بھی ماحول کو کشیدہ بنایا حلقہ این اے ایک سو بائیس میں نون اور جنون کے کارکن دن بھر چارج رہے۔
تفصیلات کےمطابق کارکنوں نے کہیں ایک دوسرے کو آ نکھیں دکھائیں تو کہیں مخالفانہ نعرے لگائے بستی سیدن شاہ پولنگ اسٹیشن پر ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں تصادم ہوا اور کرسییوں کا آزادانہ استعمال ہوا۔
شادمان میں بھی پاکستان تحریک انصاف اور ن لیگ کے کارکن آمنے سامنے آئے نعرے لگائے اور کامیابی کے دعوے کئے۔
گڑھی شاہو میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب سڑک کےایک طرف ایاز صادق اور دوسری طرف علیم خان کی گاڑیاں آ گئیں اس موقع پر جذبات کا بھر پور استعمال کیا گیا۔
باجا لائن میں علیم خان کی گاڑی روکنے پر صورتحال کشید ہ ہو گئی اور پولیس کو بیچ میں آنا پڑا،سمن آبا د میں نون اور جنون کے جوش کے باعث تین بار تصادم ہوتے ہوتے رہ گئے ۔
حلقے میں پولیس کی بھاری نفری کی تعیناتی اور پاک فوج کی موجودگی کے باعث چند ایک مقامات کے علاوہ پولنگ کا مجموعی عمل پر امن رہا ۔