این اے122 : ضمنی الیکشن کے قریب آتے ہی انتخابی مہم میں تیزی آگئی
لاہور(92نیوز)لاہور کے حلقہ این اے ایک سو بائیس کا الیکشن جوں جوں قریب آرہا ہے انتخابی مہم میں بھی تیزی آتی جارہی ہےایک طرف جہاں سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے ایاز صادق کی حمایت کا اعلان کیا وہیں خواجہ سعد رفیق ایک بار پھر عمران خان پر برس پڑے۔
تفصیلات کےمطابق این اے ایک سو بائیس کے ضمنی الیکشن میں چند روز باقی رہ گئے ہیں سیاسی پارٹیوں کی جانب سے بھرپور زور آزمائی شروع ہو چکی ہےجمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر ساجد میر نے ن لیگ کے امیدوار سردار ایاز صادق سے ملاقات کی اور ضمنی الیکشن کیلئے ان کی حمایت کا اعلان کیا اس موقع پر ساجد میر نے دعویٰ کیا کہ حلقہ میں ان کی جماعت کے بارہ ہزار ووٹرز ہیں جو ایاز صادق کو ہی ووٹ دینگے۔
لیگی امیدوار ایاز صادق نے حمایت پر ساجد میر کا شکریہ ا دا کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت اہلحدیث کی حمایت سے پارٹی کی جیت کے امکانات اور بھی بڑھ گئے ہیں۔
ادھر لاہور پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کو ایک بار پھر آڑے ہاتھوں لیا، سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان روز نیا جھوٹ بولتے ہیں انہیں اب سمجھ آجانی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق وزراءاور قیادت الیکشن مہم میں حصہ لے سکتی ہےاین اے۔
واضح رہے کہ این اے ایک سو بائیس میں ضمنی الیکشن گیارہ ا کتوبر کو ہو رہے ہیں اور آئندہ دنوں میں انتخابی مہم میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے۔