Friday, September 13, 2024

این اے122 : جماعت اسلامی نے تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کردیا

این اے122 : جماعت اسلامی نے تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کردیا
October 5, 2015
لاہور (92نیوز) این اے ایک سو بائیس اور پی پی ایک سو سینتالیس کے ضمنی الیکشن میں جماعت اسلامی نے تحریک انصاف کی حمایت کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ تحریک انصاف کے وفد نے منصورہ میں جماعت اسلامی کے قائدین سے ملاقات کی۔ تفصیلات کے مطابق این اے ایک سو بائیس کے الیکشن میں گہما گہمی بڑھ گئی۔ تحریک انصاف مسلم لیگ (ن) کو ٹف ٹائم دینے کے لئے مختلف دھڑوں کو ساتھ ملانے کی کوشش کر رہی ہے۔ منصورہ میں تحریک انصاف کے قائدین سے ملاقات کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس میں امیر جماعت اسلامی لاہور نے کہا کہ کوشش تھی کہ بلدیاتی الیکشن بھی مل کر لڑا جائے۔ محمود الرشید نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ اس معاملے پر ملکر کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما چودھری سرور نے کہا کہ جماعت اسلامی نے سچ کا ساتھ دیا۔ عوام تبدیلی چاہتے ہیں، این اے ایک سو بائیس لاہور نہیں بلکہ پورے پاکستان کا الیکشن ہے۔ حلقہ این اے ایک سو بائیس میں جماعت اسلامی کی طرف سے تحریک انصاف کا ساتھ دینے کے اعلان کے بعد حلقے میں الیکشن کافی دلچسپ ہونے کا امکان ہے۔