Saturday, September 14, 2024

این اے122: الیکشن کمیشن کا انتخابی مہم 9اور10اکتوبر کی درمیانی شب ختم کرنے کا حکم

 این اے122: الیکشن کمیشن کا انتخابی مہم 9اور10اکتوبر کی درمیانی شب ختم کرنے کا حکم
October 8, 2015
لاہور(92نیوز)الیکشن کمیشن نے این اے 122،144 اور پی پی 147 کی انتخابی مہم 9 اور 10 اکتوبر کی درمیانی شب ختم کرنے کا حکم جاری کر دیا،پولنگ ایجنٹس،انتخابی عملے ،امیدواروں اور ووٹرز کے لیے بھی خصوصی ہدایات جاری ،خلاف ورزی کی صورت میں چھ ماہ قید بامشقت اور جرمانے کی سزائیں ہوں گی۔ تفصیلات کےمطابق الیکشن کمیشن نے این اے 122،144 اور پی پی 147 کے ضمنی انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کے  کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دیں،الیکشن کمیشن نے پولنگ ایجنٹس سے کہا ہے کہ وہ اپنا رویہ مہذب بنائیں ، بے بنیاد الزامات اور ریٹرننگ  افسران کے معاملات میں مداخلت سے سے گریز کریں۔ الیکشن کمشن کے حکمنامے کے مطابق ووٹ حاصل کرنے کے لیے رشوت دینے،کسی سے زبردستی ووٹ ڈلوانے یا ووٹ ڈالنے سے روکنے پر بھی سخت کارروائی ہو گی،پولنگ اسٹیشنز کے اندر پریذائیڈنگ افسران کے علاوہ کوئی شخص موبائل فون نہیں لیجا سکے گا۔ پولنگ اسٹیشن کے 400 گز تک امیدوار کیمپ نہیں بنا سکیں گےجبکہ 100 میٹر کی حد تک کوئی جھنڈا،بینر یا نشان لگانے پر بھی پابندی ہو گی۔ ووٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ووٹ ڈالنے سے قبل 8300 پر ایس ایم ایس کر کے اپنے ووٹ اور پولنگ اسٹیشن کی تصدیق کر لیں اور ووٹ ڈالتے وقت اپنا قومی شناختی کارڈ ہمراہ رکھیں،زائد المیعاد قومی شناختی کارڈ پر بھی ووٹ ڈالا جا سکے گا تاہم فوٹو کاپی یا نادرا کے ٹوکن پر ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پر امن انتخابات کے لیے قوانین کی پابندی کریں۔ انتخابی مہم کا وقت ختم ہونے کے بعد کسی میٹنگ یا جلسے کی اجازت نہیں ہو گی،خلاف ورزی کی صورت میں قید با مشقت اور جرمانے کی سزائیں دی جائیں گی۔