این اے122:جماعت اسلامی نے پی ٹی آئی کو گلے لگا لیا ،ن لیگ کو بھی ہمدردوں کی تلاش
لاہور(92نیوز)لاہور میں ضمنی انتخاب این اے ایک سو بائیس کےلئے جہاں زور شور سے انتخابی مہم جاری ہیں و ہیں سیاسی جوڑ توڑ بھی عروج پر ہے ، تحریک انصاف کو جماعت اسلامی کی حمایت مل گئی تو ن لیگ بھی مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطوں میں ہے ، پیپلز پارٹی نے بھی پیچھے نہ رہتے ہوئے الیکشن کمیشن سے انصاف نہ ملنے پر عدالت جانے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کےمطابق این ایک سو بائیس کے ضمنی انتخاب کےلئے مسلم لیگ نون اور تحریک انصاف جیت کےلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہیں دونوں سیاسی جماعتیں دیگر جماعتوں کی حمایت کےلئے بھی جوڑ توڑ کر رہی ہیں۔
تحریک انصاف کے وفد نے حمایت حاصل کرنے کےلئے چودھری سرور کی قیادت میں جماعت اسلامی لاہور کے امیر میاں مقصود سے ملاقات کی ہےملاقات کے دوران جماعت اسلامی نے این اے ایک سو بائیس میں تحریک انصا ف کی حمایت کا اعلان کر دیا ہےجبکہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جماعت اسلامی اپنا حتمی فیصلہ مرکزی قیادت مشاورت کے بعد کرے گی دوسری طرف مسلم لیگ نون نے بھی جماعت اسلامی کی حمایت حاصل کرنے کےلئے رابطہ کیا ہے۔
ادھر پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی کے امیدوار علیم خان اور مسلم لیگ نون کے ایاز صادق کے انتخابی اخراجات پر الیکشن کمیشن کی جانب سے کارروائی نہ کرنے پر عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہےپیپلز پارٹی نے موقف اختیار کیا ہے کہ اخراجات کی حد پندرہ لاکھ روپے ہے جبکہ دونوں امیدوار کئی کروڑ روپے خرچ کر چکے ہیں۔