این اے120: الیکشن کمیشن نے پرویز ملک کو انتخابی مہم سے روک دیا

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر تجارت این اے 120 میں بیگم کلثوم نواز کی انتخابی مہم سے دستبردار۔ حلف نامہ جمع کرادیا۔ الیکشن کمیشن نے ضمنی الیکشن کے دوران ترقیاتی سکیم کا اعلان نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی درخواست نمٹا دی۔
این اے 120 کے ضمنی الیکشن میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلا ف ورزی کا معاملہ۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5رکنی بنچ نے سماعت کی۔ وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک کی جانب سے ان کے وکیل نے بیگم کلثوم نواز کی انتخابی مہم سے دستبرداری کا حلف نامہ الیکشن کمیشن میں جمع کرادیا۔
پرویز ملک کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے موکل نے کسی ترقیاتی فنڈ کا اعلان نہیں کیا۔ وہ جس مہم کے انچارج تھے اس دستبردار ہوگئے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ درخواست گزار کہاں ہے؟؟ رکن الیکشن کمیشن ارشاد قیصر نے استفسار کیا کہ کیا ابھی مریم نواز مہم کی انچار ج ہیں۔ پر ویز ملک کے وکیل نے جواب دیا اس کا انہیں علم نہیں۔
الیکشن کمیشن نے ضمنی الیکشن میں کسی قسم کی ترقیاتی سکیم کا اعلان نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے پرویزملک کا حلف نامہ تسلیم کرکے درخواست نمٹا دی۔ پرویز ملک کےخلاف درخواست پیپلزپارٹی کے امیدوار فیصل میر نے دائر کی تھی۔