این اے 53،عمران خان،شاہد خاقان ،عائشہ گلالئی،سردار مہتاب کے کاغذات نامزدگی مسترد
اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آباد کے حلقہ این اے 53 سے عمران خان ، شاہد خاقان عباسی،سردار مہتاب اور عائشہ گلہ لئی کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے ، چاروں امیدواروں کے بیان حلفی کو نامکمل قرار دیا گیا ۔ حلقہ این اے 54 سے تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر اور ن لیگ نواز کے انجم عقیل کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے گئے۔
عام انتخابات 2018 کے لیے اسلام آباد کے حلقہ این اے 53 سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، پی ٹی آئی کی منحرف رکن عائشہ گلالئی اورلیگی رہنما سردار مہتاب عباسی کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے گئے۔
جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی کے امیدوار عبدالوہاب کی جانب سے عمران خان کے خلاف اعتراضات ریٹرننگ افسر کو جمع کرائے گئے تھے۔ فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد ریٹرننگ افسر نے فیصلہ محفوظ کیا جو بعد میں سنایا گیا۔
عائشہ گلالئی عمران خان کے خلاف اعتراضات دائر کرنے ریٹرننگ آفیسر کے پاس پہنچیں تو ریٹرننگ آفیسر نے کہا کہ اب سکروٹنی کا وقت گزر چکا ،اعتراضات نہیں لے سکتے ۔ دونوں اعتراض کنندہ این اے 53 کے ووٹرز نہیں ، اس لیے ان کے اعتراضات کو مسترد کیا گیا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سکروٹنی کے دوران حلف نامے کی شق این میں تفصیلات نہیں دی گئیں۔عمران خان 2013سے18 تک حلقہ 56 سے ممبر قومی اسمبلی رہے ۔قانون کے مطابق حلف نامے کی شق این میں سابق رکن اسمبلی کو پانچ سالہ کارکردگی بتانا ہوتی ہے۔ عمران خان کے حلف نامے میں شق این کو پر نہ کیا گیا ۔سپریم کورٹ کےآرڈر کے پیرا 8 کے تحت کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے ۔
چاروں کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف امیدوار ٹریبونل سےرجوع کر سکتے ہیں کل سے ٹریبیونلز میں اپیلیں دائر ہو سکیں گی۔ اپیلیں دائر کرنے کا سلسلہ 22 جون تک جاری رہے گا ،اپیلوں پر فیصلے 23 سے 27 جون تک سنائے جائیں گے۔
اسلام آباد کے حلقہ این اے 54 سے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر ،ن لیگ کے انجم عقیل ، جماعت اسلامی کے میاں محمد اسلم اور راجہ عمران اشرف کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیئے گئے۔ این اے 54 سے 34 امیدواروں کے کاغذات منظور جبکہ پانچ امیدواروں کے مسترد کیے گئے۔