Friday, September 30, 2022

این اے 131 کے ضمنی انتخابات ،ولید اقبال اور ہمایوں اختر میں سرد جنگ چھڑ گئی

این اے 131 کے ضمنی انتخابات ،ولید اقبال اور ہمایوں اختر میں سرد جنگ چھڑ گئی
لاہور ( 92 نیوز) ضمنی انتخابات میں این اے 131 کی ٹکٹ کیلئے ولید اقبال اور ہمایوں اختر خان میں سرد جنگ عروج پر پہنچ گئی ہے  ۔پاکستان تحریک انصاف کے دونوں رہنما این اے 131 سے ضمنی انتخاب لڑنے کے خواہاں ہیں ۔ این اے 131 کی سیٹ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے  عام انتخابات میں جیتی تھی ۔ عمران خان نے مسلم لیگ ن کے خواجہ سعدرفیق کو شکست دیکر سیٹ جیتی تھی۔ عمران خان کے سیٹ چھوڑنے پر  حلقے میں اب ضمنی انتخاب ہو گا جس کی ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے ولید اقبال اور ہمایوں اختر خان دونوں ہی کوشاں ہیں جب کہ دونوں رہنماؤں میں سرد جنگ بھی جاری ہے ۔ دوسری جانب ذرائع نے دعوی ٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ٹکٹ کیلئے حلقے میں سروے کرانے کا فیصلہ کر لیاہے  جبکہ این اے 124 کے ضمنی انتخاب کیلئے پی ٹی آئی کی جانب سے غلام محی الدین دیوان کو ٹکٹ ملنے کا قوی امکان  ہے  مگر حتمی فیصلہ عمران خان خود کریں گے ۔ این اے 124 سے پاکستان مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز جیتے تھے  مگر حمزہ شہباز نے صوبائی اسمبلی کی نشست اپنے پاس رکھتے ہوئے قومی اسمبلی کی  سیٹ چھوڑ دی تھی ۔