Monday, September 16, 2024

پی ٹی آئی اور ن لیگ این اے 122 میں جماعت اسلامی کی حمایت حاصل کرنے کیلئے کوشاں

پی ٹی آئی اور ن لیگ این اے 122 میں جماعت اسلامی کی حمایت حاصل کرنے کیلئے کوشاں
October 4, 2015
لاہور (92نیوز) این اے ایک سو بائیس لاہور میں ضمنی الیکشن کے لیے جوڑ توڑ عروج پر پہنچ گیا۔ مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی نے حمایت کے لیے جماعت اسلامی سے رابطہ کرلیا۔ ادھر پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن سے انصاف نہ ملنے پر عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق گیارہ اکتوبر کو قومی اسمبلی کے حلقہ ایک سو بائیس میں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان ٹاکرا ہو گا۔ دونوں سیاسی جماعتوں کی جانب سے جیت کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا جارہا ہے۔ دیگر سیاسی جماعتوں کی حمایت کے لیے جوڑ توڑ بھی جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) جماعت اسلامی کی حمایت کے لیے کوشاں ہیں۔ پی ٹی آئی اور ن لیگ کے وفود جماعت اسلامی سے حمایت کے لئے رابطہ کریں گے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ جماعت اسلامی نے ضمنی انتخابات میں اپنی حمایت بلدیاتی انتخابات سے مشروط کر دی ہے۔ دوسری طرف تحریک انصاف کے علیم خان اور مسلم لیگ کے ایاز صادق کے انتخابی اخراجات پر الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر منگل کو عدالت جانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ اخراجات کی حد پندرہ لاکھ ہے مگر ایک ایک امیدوار کئی کروڑ روپے خرچ کرچکے ہیں۔