Saturday, July 27, 2024

این ایف سی ایوارڈ کا اجرا نہ ہونے پر سندھ اسمبلی میں ارکان کی گرما گرمی

این ایف سی ایوارڈ کا اجرا نہ ہونے پر سندھ اسمبلی میں ارکان کی گرما گرمی
January 15, 2019
کراچی ( 92 نیوز) قومی مالیاتی ایوارڈ کا اجرا نہ ہونے پرسندھ اسمبلی میں دھواں دھار بحث ہوئی ، جیالے ارکان نے قومی معیشت کو قرضوں اور مرغیوں کی افزائش سے چلانے پر تیر چلائے تو اپوزیشن جماعتو ں نے اومنی گروپ اور سندھ میں مبینہ اربوں روپے کی بدعنوانی پر طنز کے نشتر برسائے۔ این ایف سی ایوارڈ پر سندھ اسمبلی میں پیپلزپارٹی رکن ندا کھوڑو کی تحریک التوا پر ایوان میں خوب بحث ہوئی ، مالیاتی شیئر نہ ملنے کے شکوؤں کے ساتھ سندھ اسمبلی کے ارکان نے طنز کے تیروں سے بھی ماحول کو گرمایا ۔ پیپلزپارٹی کے امداد پتافی اور تیمور تالپور بولے یوٹرن لینے اور جھوٹ بولنے والے حکمران قرض لینے پر خوش ہوتے ہیں ، ایم کیوایم کے خواجہ اظہارنے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کا مقصد صوبوں کو ریاست بنانا نہیں تھا۔ تحریک التوا پربحث میں حصہ لیتے ہوئے پیپلزپارٹی ارکان نے مطالبہ کیا کہ قومی مالیاتی ایوارڈ میں سندھ کا حصہ بڑھایا جائے اور سندھ کے حقوق کو غصب کرنے سے گریز کیاجائے۔