اینکر مرید عباس کے قتل کے واقعے کی تحقیقات کیلئے 5 رکنی کمیٹی قائم
کراچی (92 نیوز) اینکر مرید عباس کے قتل کے واقعے کی تحقیقات کیلئے 5 رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی۔ کمیٹی کی سربراہی ایس ایس پی طارق دھاریجو کرینگے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ کمیٹی میں ایس ایس پی ساؤتھ ، ایس پی کلفٹن ، ایس ایچ او درخشان اور ایس آئی یو درخشاں شامل ہیں ۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ تنازع 20 کروڑ روپے کا تھا۔ عاطف زمان بیرون ملک سے ٹائر امپورٹ کرتا تھا۔ عاطف زمان کو ہوش آگیا ہے ، اسپتال میں ہی اس کی گرفتاری ڈال دی گئی۔ انہوں نے کہا چوبیس گھنٹوں میں کیس کو حتمی مراحل میں لے جائینگے۔
کراچی میں کاروباری تنازع پر گولیاں چل گئیں ، ٹی وی چینل کے اینکر سمیت 2 افراد سے جینے کا حق چھین لیا گیا ، ٹی وی اینکر مریدعباس اور ساتھی خضرحیات کے قتل کے بعد کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی ، جس میں مرید عباس کی لاش کو لفٹ کے ذریعے عمارت سے باہر لے جاتے دیکھا جاسکتا ہے ، اس دوران پولیس اہلکار بھی عمارت میں داخل ہوئے ۔
ایک اور فوٹیج میں 2 افراد کو سیڑھیوں سے اترتے اور جان بچانے کیلئے بھاگتے دیکھا جاسکتا ہے ، جبکہ ملزم عاطف زمان اور اس کے ساتھ ایک شخص ہاتھ میں اسلحہ تھامے عمارت سے باہر جاتے اور پھر واپس آتا ہے ۔
پولیس نے ملزم کے کال ڈیٹا ریکارڈ سے 35 افراد کی تفصیلات حاصل کرلیں ، عاطف زمان نے اینکر اور خضرحیات سمیت 5 افراد سے رابطے کیے تھے جبکہ مرید عباس کو بڑا بخاری اور خضرحیات کو چھوٹا بخاری آنے کا کہا تھا۔ پولیس نے مقتول کے 2 دوستوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے فائرنگ کے بعد جان بچاتے ہوئے پولیس کو اطلاع دی تھی ۔