Wednesday, December 7, 2022

اینکر مرید عباس قتل کیس، ملزم عاطف نے پولیس کو دوبارہ بیان ریکارڈ کرا دیا

اینکر مرید عباس قتل کیس، ملزم عاطف نے پولیس کو دوبارہ بیان ریکارڈ کرا دیا
 کراچی (92 نیوز) اینکر مرید عباس کے قتل کیس میں ملزم عاطف نے پولیس کو دوبارہ بیان ریکارڈ کرا دیا۔ ملزم کے مطابق مرید کے ساڑھے گیارہ کروڑ اور خضر کے ڈیڑھ لاکھ روپے دینے تھے۔ کراچی میں ٹی وی اینکر مرید عباس اور خضر حیات کے قتل کی گتھیاں سلجھنے لگیں ۔ کاروباری تنازعے پر ملزم عاطف زمان نے دفتر بلا کر مرید عباس اور خضرحیات پر  گولیاں برسائیں۔ لرزہ خیز واردات کی وجہ ملزم عاطف زمان کے ٹائروں کا بزنس بنا۔ ملزم نے اپنے کاروبار میں مرید عباس سمیت کئی افراد سے 20 کروڑ روپے سے زائد کی سرمایہ  کاری کرا رکھی تھی۔ دوسری جانب واقعے میں بچ جانے والے عینی شاہد عمر ریحان کا بیان بھی منظر عام پر آ گیا ہے۔ عمر ریحان کا کہنا ہے میں اور مرید ہوٹل پر چائے پی رہے تھے، عاطف زمان نے فون کر کے دفتر آنے کو کہا، ہم لوگ عاطف کے دفتر پہنچے، جس کے بعد ملزم بھی وہاں آ گیا۔ فائرنگ ہوئی تو  میں بہت مشکل سے جان بچا کر بھاگا۔ پولیس نے دہرے قتل کے واقعے کے دو مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔