Saturday, January 22, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کے شریک ملزموں کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کے شریک ملزموں کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ جاری
April 8, 2016
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نائن زیرو پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کے مقدمے میں ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کے شریک ملزموں کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیئے۔عدالت نے ملزم گرفتار نہ کئے جانے سے متعلق تفتیشی افسر کی رپورٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کے مقدمے میں سماعت ہوئی۔ ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان، رینجرز کے وکیل اور تفتیشی افسر پیش ہوئے۔ تفتیشی افسر نے مفرور ملزموں کی عدم گرفتاری سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔ تفتیشی افسر نے رپورٹ میں بتایا کہ مفرور ملزموں کی معلومات سے متعلق امیگریشن حکام کو خط لکھ دیا ہے۔ خط میں پوچھا گیا ہے کہ ملزم رئیس مما، شہزاد ملا، عمران نیازی اور نعیم ملا سے متعلق تفصیلات بتائی جائیں۔ یہ بھی امیگریشن حکام سے پوچھا کہ ان ملزموں کا نام ای سی ایل میں شامل ہے یا نہیں۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ رینجرز کا دعویٰ ہے کہ 11 مارچ 2015 کو نائن زیرو پر ہونے والے آپریشن کے دوران پانچوں ملزم موجود تھے اور وہاں سے فرار ہو گئے۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ مفرور ملزموں پر بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور شہر میں خوف وہراس پھیلانے کے الزامات ہیں۔ عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان سے استفسار کیا کہ ان ملزموں کو جانتے ہیں۔ جس پر عامر خان نے کہا کہ نہ تو میں ان ملزموں کو جانتا ہوں نہ ان سے ملا ہوں۔ سماعت کے دوران رینجرز کے پراسیکیوٹر نے بتایا کہ  ملزم منہاج قاضی 90 روز کیلئے رینجرز کی تحویل میں ہے۔ منہاج قاضی پر دہشت گردی کی سنگین وارداتوں کے الزامات ہیں۔ عدالت میں تفتیشی افسر نے اعتراف کیا کہ اس کے پاس وسائل کم ہیں جس پر عدالت نے رینجرز کی تحویل میں ہونے والے ملزم منہاج سے متعلق رپورٹ جبکہ چار نامزد ملزموں کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر کے 7 مئی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔