Tuesday, April 30, 2024

ایم کیو ایم کی وفاقی کابینہ میں واپسی ایک اور وزارت دینے سے مشروط ، ذرائع

ایم کیو ایم کی وفاقی کابینہ میں واپسی ایک اور وزارت دینے سے مشروط ، ذرائع
January 30, 2020
 کراچی (92 نیوز) ایم کیو ایم نے وفاقی کابینہ میں واپسی ایک اور وزارت دینے سے مشروط کر دی۔ ذرائع کے مطابق خالد صدیقی کے ساتھ امین الحق کو بھی وزیر بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے جہانگیر ترین کی رہائشگاہ پر حکومت نے وزارت دینے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ امین الحق کو تاحال وزارت ملنے کی یقین دہانی پر عمل نہ ہونے پر ایم کیو ایم کی واپسی نہ ہو سکی۔ قبل ازیں جہانگیر ترین کی زیر سربراہی پرویز خٹک اور اسد عمر پر مشتمل وفد ایم کیو ایم  بہادر آباد مرکز پہنچا تھا جہاں امین الحق اور محمد حسین نے ان کا استقبال کیا تھا ۔ جہانگیر ترین نے بات چیت کا آغاز خالد مقبول  صدیقی کو کابینہ میں دوبارہ شمولیت کی دعوت سے کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم رہنما نے کہا تھا کابینہ میں شامل ہونا اتنا بڑا مسئلہ نہیں، مسائل اہم ہیں ، ہمیشہ ملک کی خدمت کی اور کریں گے اس کے لئے وزارت کی ضرورت نہیں۔ جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ مسائل اہم ہیں مگر سب چیزیں ایک دم ٹھیک نہیں ہوسکتیں، حکومت میں رہ کر ملک اور کراچی کی خدمت کریں۔ بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ملاقات میں  بہت اچھی پیشرفت ہوئی ہے ،ہمارے جو بھی مطالبات تھے اس کیلئے روڈ میپ طے ہو گیا ہے، ہم نے وعدہ کیا تھا ہم حکومت کی مدد کرتے رہیں گے ، پورے پاکستان میں نوکریاں بھی ہمارے مطالبات میں تھیں ، تعلیم کا معاملہ بھی کراچی میں بہت پیچھے رہ گیا ہے ۔ وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ہمیشہ ایسے ہوتا ہے کہ پچھلی حکومت کے پروگرام رہ جاتے ہیں ، ملک کو سیدھی لائن میں لے جا نے کیلئے سخت فیصلے کرنے پڑیں گے ۔ کوئی بھی اتحادی ہمیں چھوڑ کر نہیں جا رہا ،ہم تمام اتحادیوں کے ساتھ بات چیت کر چکے ہیں سب ہمارے ساتھ ہیں ،  چھوٹی چھوٹی باتیں سامنے آئی ہیں جو جلد حل ہو جائیں گی ۔