کراچی (92نیوز) ایم کیو ایم سے پے در پے رہنماﺅں کی مصطفیٰ کمال کے قافلے میں شمولیت پر فاروق ستار نے شعر سنایا کہ موج ہے دریا میں بیرون دریا کچھ بھی نہیں ان کا کہنا ہے کہ صفائی کے معاملے پرسندھ حکومت سردمہری کا مظاہرہ کررہی ہے۔ ہم بھی اتنے ننھے کاکے نہیں کہ علاقوں میں کچرا چھوڑ جائیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایم کیو ایم کی صفائی مہم جاری ہے مختلف علاقوں سے کچرا اٹھانے کے بعد ایم کیو ایم رنچھوڑ لائن سے کچرے کے ڈھیر اٹھارہی ہے۔
صفائی مہم کے دوران رہنما ایم کیو ایم فاروق ستار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دو کروڑ سے زیادہ آبادی کے شہر کو عوام کی مدد کے بغیر صاف نہیں کر سکتے۔ اپنی مدد آپ کے تحت روزانہ 25 فیصد کچرا اٹھا رہے ہیں۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کئی سالوں کا کچرا ہے جس میں وقت لگے گا۔ آج بڑے ڈھیر اٹھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی اداروں کو اختیارات اور وسائل ملنے چاہئیں۔ ٹیکس کوئی اور لے رہا ہے‘ کام کوئی اور کر رہا ہے۔ فاروق ستار نے مزید کہا کہ ابھی وسیم اختر نے حلف نہیں اٹھایا ابھی یہ ہمارا کام نہیں ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار کے ہمراہ رابطہ کمیٹی کے دیگر اراکین اور کارکنان کی بھی بڑی تعداد نے جگہ جگہ جمع کچرے کے ڈھیر اٹھائے۔