Friday, September 20, 2024

ایم کیو ایم پر الزامات نئے نہیں، مصطفیٰ کمال کے پاس منی لانڈرنگ کے ثبوت ہیں تو پیش کریں: چودھری نثار علی خان

ایم کیو ایم پر الزامات نئے نہیں، مصطفیٰ کمال کے پاس منی لانڈرنگ کے ثبوت ہیں تو پیش کریں: چودھری نثار علی خان
March 5, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کراچی کے سابق مئیر مصطفی کمال کی پریس کانفرنس کو چوک چوراہے کی گفتگو قرار دیدیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بغیر کسی دستاویزی ثبوت کے کسی کیخلاف انکوائری نہیں بٹھائی جا سکتی۔ ساتھ ہی وزیر داخلہ نے اشارہ دیدیا کہ اگر مصطفی کمال کے پاس ٹھوس ثبوت موجود ہیں تو سرفراز مرچنٹ انکوائری کمیٹی سے رجوع کر سکتے ہیں۔ کہتے ہیں برطانیہ میں عمران فاروق قتل کیس پر سست پیشرفت مایوس کن ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران چوہدری نثار نے کہا کہ ایم کیو ایم پر لگائے گئے الزامات نئے نہیں۔ مصطفیٰ کمال کے پاس منی لانڈرنگ کے ثبوت ہیں تو پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کیلئے ضروری نہیں کہ وہ ہر سیاسی الزام تراشی پر اپنا نکتہ نظر پیش کرتی رہے۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ سرفراز مرچنٹ نے بعض الزامات ثبوت کیساتھ پیش کیے جس کے لئے باقاعدہ انکوائری کمیٹی بنائی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈاکٹر عمران فاروق اور منی لانڈرنگ کیسز پر برطانیہ نے کوئی پیشرفت نہیں دکھائی جو قابل تشویش ہے۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میمو گیٹ اور مصطفی کمال کی پریس کانفرنس میں بہت فرق ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ میڈیا کو مکمل تحفظ دیا جائیگا۔ انہوں نے رہائیشی علاقوں میں سیلولر کمپنیوں کے ٹورز کو انسانی صحت کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی تحقیقات جاری ہیں۔