ایم کیو ایم ملک اور صوبے کو مضبوط بنانے کی سیاست کرے ، ناصر حسین شاہ
کراچی (92 نیوز) وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہناہے ایم کیو ایم ملک اور صوبے کو مضبوط بنانے کی سیاست کرے ، ساتھ دینے کو تیار ہیں۔
یم کیوایم پاکستان تین جولائی کو کراچی میں احتجاجی ریلی اور پی پی پی کی سندھ حکومت پر تابڑ توڑ لفظی حملے پر جواب دینے سندھ کے وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ بھی میدان میں آگئے۔ ایک کے بعد ایک تین ٹوئیٹس داغ دیں۔
آج سندھ سے اگر
کوئ بھی شکایت ہو تو پہلا سوال ہم سے ہوتا ہے کیونکہ ہم یہاں حکمران
ہیں۔کیا کراچی اورحیدراباد کی بدحالی پر سوال پینتیس سال تک بلدیاتی اداروں
پر حکومت کرنے والوں سے نہیں ہونا چاہیے ۔ کھربوں کے بلدیاتی فنڈز کھانے
والی جماعت ہر دو سال بعد حاجی کا روپ کیوں دھار لیتی
ہے؟
دھیمے مزاج کے صوبائی وزیر نے ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر کے الزامات کا جواب شعلہ بیانی سے دیا۔ بولے الگ صوبہ بنانے کا مطالبہ کرنے والوں نے اپنا یہ خواب اس وقت پورا کیوں نہیں کیا جب وہ سیاہ سفید کے مالک تھے۔ سوال کیا آج یہ کس کو بیوقوف بنا رہے ہیں۔
نہ صرف کھربوں کے
بلدیاتی فنڈز کھانے بلکہ صوبے کو برباد کرنے والی اس جماعت نے ہزاروں
نوجوانوں کی لاشیں ، جلاؤ گھیراؤ ، اربوں کی بھتہ خوری ، نالوں پلاٹوں پر
قبضے ، چائنا کٹنگ کے تحفے دیے۔ کراچی سے بیس نشستیں جیتنے والے اب چھٹے
نمبر پر بھی نہیں آتے۔ کیا دیوار پر لکھا نہیں پڑھ
سکتے؟
ناصر حسین شاہ نے سوال کیا کہ کیا کراچی اور حیدرآباد کی بدحالی پر پینتیس سال تک بلدیاتی اداروں پر حکمرانی کرنے والوں سے سوال نہیں ہونا چاہیے؟ کھربوں روپے کا فنڈ کھانے والی جماعت آج حاجی بن گئی ہے۔
ہم نے ماضی میں
بھی کئ دفعہ کہا ہے اور آج بھی کہتے ہیں کہ متحدہ ملک و صوبے کو مضبوط کرنے
کی سیاست کرے ہم ساتھ دینے کو تیار ہیں۔ اگر اپنے بانی کو چھوڑا ہے تو اُس
کی سوچ کو بھی چھوڑیں جوڑنے کی باتیں کریں توڑنے کی نہیں ۔ جب تک منفی
سیاست کریں گے ناکام رہیں گے۔
ناصر حسین شاہ نے یہ بھی کہا کہ لاشیں گرانے ، جلاؤ گھیراؤ کرنے ، بھتہ خوری اور چائنہ کٹنگ میں ملوث جماعت اب چھٹے نمبر پر بھی نہیں آتی۔