Saturday, July 27, 2024

ایم کیو ایم رہنما قمر منصور کے بھائی مسعود صدیقی رینجرز کی تحویل میں، بھارت سے دہشتگردی کی تربیت کا اعتراف

ایم کیو ایم رہنما قمر منصور کے بھائی مسعود صدیقی رینجرز کی تحویل میں، بھارت سے دہشتگردی کی تربیت کا اعتراف
April 8, 2016
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) اے ٹی سی نے ایم کیو ایم رہنما قمر منصور کے بھائی مسعود صدیقی کو 90 روز کیلئے رینجرز کی تحویل میں دیدیا۔ ملزم نے بھارت سے دہشت گردی کی تربیت حاصل کرنے کا اعتراف کر لیا۔ ایم کیو ایم رہنما قمر منصور کے بھائی مسعود صدیقی کو رینجرز کی سخت سیکورٹی میں انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔ وکیل رینجرز کے مطابق ملزم نے ابتدائی تفتیش میں بھارت سے دہشت گردی کی تربیت حاصل کرنے کا اعتراف کی اہے۔ ملزم نے یہ بھی اعتراف کیا کہ بدنام عسکری ونگ کے دیگر دہشت گردوں نے بھی بھارتی خفیہ ایجنسی سے تربیت حاصل کی اور کراچی میں دہشت گردی کی وارداتیں کیں۔ ملزم نے کراچی میں بارہ سے زائد افراد کی ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی سنگین وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزم کئی مقدمات میں پولیس کو بھی مطلوب تھا۔ عدالت نے ملزم کو نوے روز کیلئے رینجرز کی تحویل میں دیدیا اور پندرہ روز میں جےآئی ٹی پیش کرنے کا حکم بھی دیدیا۔