ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن اظہار احمد رہا ہوگئے

کراچی(92نیوز)ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن اظہار احمد کو رینجرز نے رہا کردیا ، ترجمان کا کہنا ہے کہ اظہار احمد کو حقائق کی مزید جانچ کے لیے بوقت ضرورت دوبارہ طلب کیا جائے گا
تفصیلات کےمطابق سندھ رینجرز نے، ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن اظہار احمد کو رہا کردیا ترجمان رینجرز کے مطابق اظہار احمد سے 34 مختلف قانونی امور پر پوچھ گچھ کی گئی ۔
تفتیش کے دوران تمام تر قانونی تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھا گیا۔ اظہار احمد کو قانون کے مطابق میڈیکل سمیت تمام دیگر سہولیات فراہم کی گئیں ۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ حقائق کی مزید جانچ پڑتال کے لیے اظہار احمد کو بوقت ضرورت دوبارہ طلب کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اظہار احمد کو منگل کے روز فیڈرل بی ایریا سے حراست میں لیا گیا تھا ۔ دوسری جانب اظہار احمد کی گرفتاری کے خلاف ان کی بہن پروین خانم نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا کہ اظہاراحمد کو وفا داری تبدیل کرانے اور نئی سیاسی جماعت میں شامل کرانے کیلئے گرفتار کیا گیا ہے۔
درخواست کے ساتھ اظہاراحمد کی برطانوی شہریت سے متعلق دستاویزات بھی منسلک کیے گئے تھے۔ سندھ ہائیکورٹ نے معاملے پرڈی جی رینجرز سندھ،محکمہ داخلہ اوردیگر کو25 جولائی تک جواب داخل کرانے کا حکم دیا ہے۔