Saturday, July 27, 2024

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کو عہدے سے ہٹا دیا

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کو عہدے سے ہٹا دیا
February 11, 2018

کراچی ( 92 نیوز ) ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے ڈاکٹر فاروق ستار کو پارٹی سربراہ کے عہدے سے ہٹا دیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کنور نوید جمیل نے کہا کہ فاروق ستار نے پارٹی آئین میں تبدیلی کر کے بڑا دھوکا کیا ہے ۔  جس پر رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کو عہدے سے ہٹانے کا اعلان کر دیا۔رابطہ کمیٹی نے خالد مقبول صدیقی کو نیا کنوینر چن لیا۔

کنور نوید جمیل نے مزید کہا کہ تمام عوامی نمائندے اور لوکل باڈیز کے نمائندوں کو منتخب کرنا رابطہ کمیٹی کا حق ہے ۔ فاروق ستار نے پارٹی سے نکالنے اور رکھنے کا اختیار خود اپنے ہاتھ میں لیا جبکہ  یہ حق رابطہ کمیٹی کا ہے ۔

کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ ہم نے فاروق ستار کو الیکشن کمیشن میں پارٹی لیڈر بنایا ، آج ہم ڈاکٹر فاروق ستار کوکنونئیرشپ سے سبکدوش کر رہے ہیں ، ہماری کوشش ہوتی ہےکہ گھر کی بات گھر میں رہے  مگر فاروق ستار بھائی پر بہت سے الزامات ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ فاروق ستار نے کئی معاملات میں رابطہ کمیٹی کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی، جس کی وجہ سے ایم کیو ایم جیسی منظم جماعت کی الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن منسوخ ہوگئی۔