ایمی ایوارڈز میں گیم آف تھرونز بہترین ڈرامہ قرار

لاس اینجلس ( 92 نیوز) امریکی شہر لاس اینجلس ایک بار پھر ستاروں کی محفل سے جگمگا اٹھا، 71ہویں ایمی ایوارڈز میں بہترین ڈرامہ گیم آف تھرونز قرار پایا۔
لاس اینجلس کے مائیکرو سوفٹ تھیٹر میں اکہترویں پرائم ٹائم ایمی ایوارڈز کا رنگا رنگ شو ہوا جس میں فلمی ستاروں نے تقریب سے قبل ریڈ کارپٹ پر خوب جلوے بکھیرے۔
ایمی کی تاریخ میں چوتھی بار ایسا ہوا کہ تقریب کا کوئی میزبان ہی نہیں تھا ، تاہم امریکی کامیڈینز ڈارسی کارڈن اور کین جیونگ نے اپنے منفرد انداز سے مہمانوں کا دل بہلائے رکھا۔
مشہور زمانہ گیم آف تھرونز نے چوتھی بار بہترین ڈرامہ کا اعزاز اپنے نام کیا ، بادشاہت کی جنگ پر مبنی سیریز اس بار چودہ نامزدگیوں کے ساتھ سب کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی تھی۔
گیم آف تھرونز کے ٹیرین لینسٹر ایک بار پھر بازی لینے میں کامیاب رہے ، پیٹر ڈنکلیج ایمی ایوارڈ 2019 میں بہترین معاون اداکار قرار پائے۔
لمیٹڈ سیریز کا ایوارڈ چرنوبل نے اپنے نام کیا ، جو 1986 کو پیش آنےوالے انسانی تاریخ کے بدترین سانحہ چرنوبل پر مبنی ہے۔