Tuesday, January 25, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

ایل پی جی ٹینکرمیں آتشزدگی کی ابتدائی رپورٹ اوگرا کو موصول، آگ سیفٹی باکس اور فلو والو نہ ہونے کے باعث لگی

ایل پی جی ٹینکرمیں آتشزدگی کی ابتدائی رپورٹ اوگرا کو موصول، آگ سیفٹی باکس اور فلو والو نہ ہونے کے باعث لگی
February 11, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) ایل پی جی ٹینکر میں آتشزدگی کی ابتدائی  رپورٹ اوگرا کو موصول ہو گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایل پی جی ٹینکر میں آگ سیفٹی باکس اور فلو والو نہ ہونے کے باعث لگی۔ اوگرا اتھارٹی نے نوٹس لے لیا۔ غیرمعیاری ٹینکرز رکھنے والی کمپنیوں کے خلاف ایکشن کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ شیخوپورہ کے قریب ایل پی جی سے بھرے ٹینکر میں گاڑی ٹکرائی اور آگ لگ گئی۔ عام  طور ایسا نہیں ہوتا کیونکہ ایل پی جی ٹینکرز میں تمام تر حفاظتی انتظامات موجود ہوتے ہیں۔ اگر حادثہ پیش آ بھی جائے تو گیس لیک نہیں ہو سکتی اور ٹینکر ایسے میٹریل سے بنا ہوتا ہے جو پھٹ نہیں سکتا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اوگرا کو بھجوائی گئی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ایل پی جی ٹینکر میں آگ سیفٹی باکس نہ ہونے کے باعث لگی۔ اس ٹیینکر میں گیس فلو والو بھی نہیں تھا جس کی وجہ سے گیس لیک ہوئی اور آگ لگ گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق ایل پی جی کی ٹرانسپوٹیشن کے لیے 20 سے 25 میٹرک ٹن صلاحیت کے ٹینکر کی اجازت ہے لیکن یہ ٹینکر 50میٹرک ٹن ایل پی جی صلاحیت کا تھا۔ کوئی ٹینکر اوگرا کی تھرڈ پارٹی انسپکشن کے بغیر ایل پی جی سپلائی نہیں کر سکتا۔ اوگرا ذرئع کا کہنا ہے کہ ایل پی جی ٹینکر میں آتشزدگی کی تحقیقات کے احکامات دے دئیے گئے ہیں۔ یہ ٹینکر جس مالک اور کمپنی کی ملکیت ہو گا اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اوگرا نے ایل پی جی، سی این جی سلنڈروں اور ٹینکروں کی تھرڈ پارٹی انسپکشن کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اوگرا کے معیار پر پورا نہ اترنے والی کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کر دئیے جائیں گے۔ آل پاکستان ایل پی جی ڈسٹری بیوٹر ایسوسی ایشن کے چئیرمین عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ آئل اور گیس ٹینکرز کی ٹرانسپورٹیشن اور چیکنگ کی ذمہ دار اوگرا ہے۔ ایران سے سکریپ میں فلو والز لا کر ٹینکروں میں استعمال کیا جا رہا ہے جو حادثات کا باعث بن رہے ہیں۔