ایل او سی پربھارتی فورسزکی اشتعال انگیزی،بھارتی قائم مقام نائب ہائی کمشنردفترخارجہ طلب
اسلام آباد ( 92 نیوز) کنٹرول لائن پر بھارتی فورسز کی خلاف ورزی پر پاکستان نے بھارت سے شدید احتجاج کیا ، بھارتی قائم مقام نائب ہائی کمشنرکودفتر خارجہ طلب کرکے احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا، پاکستان نے باور کرایا کہ بھارتی فورسز کا کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر اشتعال انگیز طرز عمل خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے۔
بھارتی فورسز کی 12جون کوکنٹرول لائن پر چری کوٹ سیکٹر میں سویلین آبادی پر بلااشتعال فائرنگ سے شہری شہید ہوا تھا جس پر پاکستان نے بھارتی اشتعال انگیزی اور قیمتی جان کے ضیاع پرشدید احتجاج کیا ۔ اس سلسلے میں بھارتی قائم مقام نائب ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ تھمایاگیا ۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قائم مقام ڈی جی جنوبی ایشیاءنے بھارتی قائم مقام نائب ہائی کمشنر کوباور کرایا کہ بھارتی فورسز کا شہری آبادی کو نشانہ بناناقابل مذمت اورناقابل برداشت ہے ،بھارت مسلسل بین الاقوامی انسانی حقوق،قوانین اور اقدار کی خلاف ورزی کررہا ہے ۔
دفتر خارجہ نے باور کرایا کہ بھارتی اشتعال انگیزیاں خطے کے امن و سلامتی کیلئے خطرہ اورکسی تزویراتی غلط فہمی کو جنم دے سکتی ہیں ،بھارت اپنی فورسز کوفائربندی امور کی پاسداری یقینی بنانے کی ہدایات دے ، واقعات کی تحقیقات اور اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کو اپناکام کرنے دیا جائے۔
دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فورسز کی 12جون کی فائرنگ کے نتیجے میں ٹروتھی گاﺅں کا رہائشی شکیل شہید ہوا تھا ، بھارت رواں برس فائر بندی کی1100سے زیادہ خلاف ورزیاںکا مرتکب ہوا۔بھارتی دہشتگردی کے نتیجے میں ابتک29شہری شہید ، 117 زخمی ہو چکے ہیں ۔