Friday, September 20, 2024

ایل او سی پر بھارتی فوج کی خلاف ورزیوں کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد منظور

ایل او سی پر بھارتی فوج کی خلاف ورزیوں کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد منظور
November 18, 2016

اسلام آباد (92 نیوز) کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت اور بھمبر میں بھارتی فائرنگ کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد متفقہ طور پر منظور۔ وفاقی وزیر برجیس طاہرکا کہناتھاکہ بھارت مسلسل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ سانحہ گڈانی کی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو بھجوادی گئی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی صدارت میں ہوا۔ وفاقی وزیربرجیس طاہر نے کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت اور بھمبر میں بھارتی فائرنگ کے خلاف خلاف قرارداد پیش کی جس کو اسمبلی نے متفقہ طور پرمنظور کرلیا۔

قرارداد میں بھمبر میں بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے 7 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کی بھی شدید مذمت کی گئی۔

وفاقی وزیر برجیس طاہرکا کہنا تھا کہ بھارت مسلسل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر میرحاصل بزنجو نے ایوان میں بتایا کہ سانحہ گڈانی پر وفاقی حکومت کی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو بھجوا دی گئی ہے جو وزیراعظم سے منظوری کے بعد قومی اسمبلی میں پیش کردی جائے گی۔

محمود اچکزئی نے ساںحہ کی تحقیقات کےلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کامطالبہ کیا۔ اجلاس میں جہانگیر بدر، نوید قمر کے والد ،اے این پی کے رہنما حاجی عدیل کی وفات سمیت گڈانی واقعہ میں جاں بحق افراد اور پاک فوج کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔