راولپنڈی(92نیوز)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایف سی ہیڈکواٹرزپشاور کا دورہ کیا اور آئی جی ایف سی کو ہدایت کی کہ ایف سی میں بھرتیوں کے عمل میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایف سی ہیڈکوارٹر پشاور کا دورہ کیا جہاں پر آئی جی ایف سی نے آرمی چیف کو ادارے کی آپریشنل تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ آرمی چیف نے جوانوں اور افسران سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے آپریشن ضرب عضب اور خیبر پختونخواہ میں قیام امن کے لئے ایف سی کی قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ ایف سی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہاری کی نئی تاریخ رقم کر رہی ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ قوم نے سکیورٹی فورسز پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور سکیورٹی فورسز قوم کے اعتماد پر پورا اترے گی، آرمی چیف نے کہا کہ ایف سی میں بھرتیوں کے عمل میں میرٹ اور اعلی تربیتی معیار کو یقینی بنایا جائے ، انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی کوششوں سے ملک میں امن واپس لوٹا ہے اور آخری دہشتگرد اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے، آرمی چیف نے قبائلی علاقوں میں مستقل امن کے لئے پاک افغان سرحد کو محفوظ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔